دارالعلوم امدادیہ کے صدر مدرس مولانا شفیق احمد قاسمی سخت علیل

دارالعلوم امدادیہ کے صدر مدرس مولانا شفیق احمد قاسمی سخت علیل

ممبئی۔ ۱۳؍جولائی: مولانا شفیق احمدمظاہری قاسمی (صدرمدرس دارالعلوم امدادیہ) ممبئی ان دنوں سخت علیل ہیں۔ گزشتہ دنوں پائوں کی ہڈی ٹوٹ جانے کی وجہ سے فی الحال صابو صدیق اسپتال امام واڑہ میں آئی یو سی میں ہیں۔ طویل عمر ہونے کی وجہ سے نسیان کا غلبہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے اپنےعزیزواقارب اور مدرسہ کے طلبہ کو بھی پہچاننے سے قاصر ہیں۔ دارالعلوم امدادیہ کے ذمہ داران نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حضرت مولانا کی صحت یابی کے لیے دعاء فرمادیں۔ واضح رہے کہ مولانا شفیق احمد قاسمی گزشتہ ۵۰ سالوں سے دارالعلوم امدادیہ چونا بھٹی مسجد مرکز میں استاد ہیں اور آپ شیخ زکریا علیہ الرحمہ کے معتمد خاص اور شاگرد ہیں۔ آپ ضلع بستی کے چورہا گائوں سے تعلق رکھتے ہیں ملک وبیرون ملک میں آپ کے شاگردوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ امدادیہ کے ایک استاد مولانا عمران قاسمی نے بتایا کہ حضرت کافی دنوں سے علیل تھے لیکن گزشتہ جمعہ کو اچانک اپنے روم پر ممبرا میں گرجانے کی وجہ سے پائوں کی ہڈی ٹوٹ گئی ، ان کے فرزند مولانا محمد غزالی اور احمد غزالی نے صابو صدیق اسپتال میں شامل علاج کیا لیکن ابھی تک کچھ افاقہ نہیں ہوا ہے۔ مدرسہ امدادیہ میں مستقل طالبان علوم نبویہ حضرت شیخ کے لیے دعائے صحت کررہے ہیں ، قارئین ممبئی اردو نیوز اور حضرت کے وہ شاگر جن تک یہ خبر پہنچے ان سے گزارش ہے کہ وہ حضرت کے لیے دعائے صحت کریں تاکہ خدا انہیں جلد روبہ صحت کردے۔ آمین ۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *