امریکی وزیر خارجہ رعکس ٹیلرسن کی شاہ سلمان سے ملاقات

امریکی وزیر خارجہ رعکس ٹیلرسن کی شاہ سلمان سے ملاقات

ریاض ، ۱۳؍جولائی ۔سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے بدھ کے روز جدہ میں ملاقات کی ہے اور ان سے قطر بحران اور دہشت گردی سے نمٹنے کے طریقوں سمیت مختلف عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ جدہ ہی میں قطر کا بائیکاٹ کرنے والے چاروں ممالک سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ،مصر اور بحرین کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کر رہے ہیں۔وہ ان سے ان چاروں ممالک کے قطر کے ساتھ جاری تنازع کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ریکس ٹیلرسن اس خلیجی تنازع کو طے کرانے کے لیے خطے کے ملکوں کے دورے پر ہیں۔ انھوں نے سوموار کو امیر کویت اور منگل کو قطری وزیر خارجہ سے بحران کے حل کے سلسلے میں بات چیت کی تھی۔مذکورہ چاروں ممالک نے قطر پر خطے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو فروغ دینے کے الزامات عاید کیے ہیں۔ وہ قطر پر عرب ریاستوں کے داخلی امور میں مداخلت اور خطے کی سلامتی اورامن کو خطرات سے دوچار کرنے کے بھی الزامات عاید کررہے ہیں جبکہ قطر ان الزامات کی صحت سے انکار کرتا چلا آرہا ہے۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *