ممبئی میں اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیاکے 27 واں فقہی سیمینار کی تیاریاں شروع

ممبئی میں اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیاکے 27 واں فقہی سیمینار کی تیاریاں شروع

ممبئی(بی این ایس)
اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کا ستائیس واں سیمینار سال رواں عروس البلاد ممبئی(حج ہاوس)میں 27-25 نومبر 2017 کو منعقد ہونے والاہے، جس میں ملک وبیرون ملک سے تقریبا پانچ سو مفتیان کرام کی شرکت ہوگی اور تین دن کے دوران کافی غور وخوض اور بحث ومباحثہ کے بعد کئی اہم مسائل کے تعلق سے تجاویز پاس کی جائیں گی۔ طلاق ثلاثہ، جانوروں کے حقوق، بڑے شہروں میں مکانات کی خریدوفروخت، عصری تعلیمی اداروں کے شرعی اصول وضوابط جیسے اہم موضوعات سے متعلق سوالات مرتب کرکےتقریبا تین سو ارباب افتاء کی خدمت میں بھیجے جاچکے ہیں، جن پر وہ اپنے علمی اورتحقیقی مقالات پیش کریں گے۔ اس سیمنار کی میزبانی کا شرف ممبئی کے باشندوں کو حاصل ہواہے،جو ممبئی کے مسلمانوں کے لیے باعث رحمت ہے، اس سے اہلیان ممبئی کے درمیان خوشی ومسرت کی لہر دوڑ گئی ہے، اس کی تیاریوں کے تعلق سے اب تک چھوٹے بڑے ایک درجن سے زائد میٹینگیں ہوچکی ہیں، جن میں مالیات کی فراہمی، مہمانوں کے استقبال، اور ان کی میزبانی کے تعلق سے تقریبا پندرہ مرکزی اور ذیلی کمیٹیاں بناکر مختلف قسم کی ذمہ داریاں انھیں سونپی گئیں، گزشتہ دنوں اکیڈمی کے سیکریٹری برائے سیمینار مولانا عبیداللہ اسعدی شیخ الحدیث جامعہ عربیہ ہتھوڑا باندہ کی صدارت میں ادارہ دینیات بلاسس روڈ ناگپاڑہ میں ایک اہم میٹنگ ہوئی، جس میں مولانااسعدی نے سیمینار کی اہمیت اور اس کی ضرورت پر پرُمغز خطاب کیا اور علماء، ائمہ، مفتیان اور قضات کرام سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی درخواست کی نیز مالیات کے تعلق سے اہلیان ممبئی کو ترغیب دی کہ جو لوگ اس میں حصہ لیں گے تاقیامت ان کے لئےصدقہ جاریہ ہوگا۔واضح رہے کہ مجلس استقبالیہ برائے سیمینار کی سرپرستی نمونہ اسلاف مولانا منیر صاحب دامت برکاتہم اور مولانا ابوظفر حسان ندوی فرمارہے ہیں، صدارت مفتی عزیزالرحمن صاحب اور سیکریٹری جنرل کے فرائض مفتی سعیدالرحمن صاحب فاروقی انجام دے رہے ہیں، ان کے علاوہ ممبئی کے علماء کرام اور بااثر شخصیات جیسے مولانا حلیم اللہ قاسمی، حافظ عظیم الرحمن،ڈاکٹر عبدالروف سمار، بشیر موسی پٹیل سابق ایم ایل اے، رفیق دودھ والا، ڈاکٹر جاوید ، مولانا رشید احمد ، مفتی عبدالباسط، مفتی اشفاق قاضی اور قاضی محمد فیاض عالم قاسمی وغیرہم دیگر عہدیداران اور اراکین کی حیثیت سے شامل ہیں۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *