تازه ترين

کون جائے ذوق اب دلی کی گلیاں چھوڑ کر

کون جائے ذوق اب دلی کی گلیاں چھوڑ کر

 

قسط اول

ابوزید فرضی
سوچا نہیں تھا کہ کبھی یہ بھی بتانا پڑے گا کہ کہاں گیا تھا ہمیشہ سے محبوب سے اسی بات پر جھگڑا رہا ہے کہ: کہاں گئے تھے؟ اور ہم نے ہر بار بتانے سے انکار کردیا ہے ،بلا کے ضدی ہیں اگر اپنی پر آجائیں تو یہ بتانے سے بھی انکار کردیں کہ خالد کا تھوپڑا بگاڑنے میں کس کا ہاتھ اور اگر چاہیں تو خود ہی اس کا تھوپڑابگاڑ کر کنارے پر رکھ دیں ،بس مجبور ہونا پڑا جس طرح ہر محبوب محبوبہ کے سامنے مجبور ہوتا ہے ،ہر شخص بیوی کا بے دام غلام ہوتا ہے ،ہر دوکاندار گراہک کے سامنے بچھا رہتا ہے ،ہر فیس بکیا لکھاری مشورہ دیتا رہتا ہے ،ہر نیتا جھوٹ بولتا ہے ،ہردانشور مولویوں کو گالی دیتا ہے ایسے ہی ابوزید فرضی اپنے ہر شاگرد کی بات مان لیتا ہے ،بس اسی لئے یہ لکھنا پڑ رہا ہے کہ دلی گیا تھا ،ہاں ہاں وہی دلی جو اب دہلی ہوگیا ہے ،وہی دلی جس میں زی نیوز کے دفتر کے باہر پکوڑے کی دوکان ہے ،جس دلی سے عمران پرتاپگڈھی ڈائرکٹ کلام کرتے ہیں، فصیل بند شہر دہلی جہاں نیتا جانا چاہتا ہے اور عاشق پہنچنا چاہتا ہے ،طالب علم کی علمی پیاس کے ساتھ اور بھی بہت سے تشنگی بجھ جاتی ہیں ۔میرا دوست افسر خان تو یہاں تک کہتا ہے کہ دلی میں دھوکہ ،عشق ،حسن سب کچھ ہے،میں نہیں مانتا لیکن افسر خان کا ہی کہنا ہے کہ دہلی میں نہاری، بہاری اور امام بخاری کی شہرت کا ڈنکا بجتا..
وہی دہلی جس کو یوپی اور ہریانہ نے چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے تین اطراف سے ہریانہ نے اور چوتھی جانب سے یوپی نے اور جس دہلی میں بہار بستا ہے، ویسے تو مسلم اکثریتی شہروں کی آبادیوں کا پتا شیطان بھی نہیں لگا سکتا لیکن اعداد و شمار کے مطابق آدم و حوا کے 25 ملین آبادی اس شہر میں زندگی کے ایام گزار رہی ہے، اور ان کے پاس فتنہ یعنی مال بھی خوب ہے بلیک منی کے اس دور میں جب سویزر لینڈ میں کھاتہ ہر اس شخص کا موجود ہے جو سیاست کی ہوا کھاتا ہو اعداد و شمار کے مطابق اس شہر کی کل املاک 458 بلین امریکی ڈالر ہے، جھگیوں اور رین بسیروں کے اس شہر میں 18 ارب پتی رہتے ہیں لیکن میرے دوست افسر کا کہنا ہے کہ یہ ارب پتی “عرب پتیوں” کی طرح پتنیوں پر غالب نہیں رہتے اور ہاں 23000 کروڑ پتی بھی یہاں بستے ہیں..تو صاحبان قدر دان منشی ابوزید فرضی دہلی کیسے گیا کس کے ساتھ گیا کیوں گیا جاننا ہو تو اگلی قسط کا انتظار کریں ورنہ ہماری طرف آپ بھی *ڈبلیو ڈبلیو ایف یعنی “وائف وائف فائٹنگ”*دیکھیں..