بنگلہ دیشی طیارہ نیپال میں گرکرتباہ،50؍افرادہلاک

بنگلہ دیشی طیارہ نیپال میں گرکرتباہ،50؍افرادہلاک

کاٹھمنڈو:13؍مارچ(بی این ایس)
بنگلہ دیش سے پرواز کرنے والا مسافر طیارہ نیپال میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ طیارے میں 71 افراد سوار تھے تاہم حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔نیپالی آرمی کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل گوکل بھنڈاری کے مطابق حادثے میں 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ دیگر کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہا نہیں جا سکتا ۔ تاہم پولیس حکام نے خبر رساں ادارے اے پی کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ حادثے میں کم از کم 38 افراد ہلاک اور 23 ذخمی ہیں۔ دس افراد کے بارے میں کوئی معلومات ابھی نہیں مل سکی ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق نیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو کے قریب جہاز لیڈنگ سے قبل شدید ہچکولے لیتا ہوا نہایت نیچی پرواز کر رہا تھا کہ اچانک یکے بعد دیگر دو دھماکے ہوئے۔ ان کے مطابق حادثے کے فوری بعد آگ بجھانے والے عملے نے اپنی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا ہے۔یو ایس بنگلہ ایئر لائن کے مینجر کے مطابق جہاز نے لینڈنگ کی اجازت مانگ رکھی تھی اور کلئیرنس ملنے تک وہ دو بار ائیر پورٹ کے گرد چکر بھی لگا چکا تھا۔
یاد رہے کہ کھٹمنڈو ایئر پورٹ پر پہلے بھی کئی جان لیوا حادثات ہو چکے ہیں۔ اسی ہوائی اڈےپر ستمبر 2012 میں ماونٹ ایورسٹ سر کرنے کے خواہشمند کوہ پیماؤں کا ایک چھوٹا طیارہ پرواز کے فورا بعد گر گیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار تمام 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔