تازه ترين

کانگریس اپوزیشن جماعتوں کی صف بندی کا کام کرے گی : شرد یادو

کانگریس اپوزیشن جماعتوں کی صف بندی کا کام کرے گی : شرد یادو

پٹنہ،12جون (یو این آئی) لوک تانترک جنتادل (ایل جے ڈی) کے قومی سربراہ اور سابق مرکزی وزیر شرد یادو نے آج کہا کہ 2019میں ہونے والے لوک سبھا الیکشن میں تمام اپوزیشن پارٹیاں ایک ساتھ ہوں گی اور بڑی پارٹی ہونے کے ناطے کانگریس صف بندی کرے گی۔
مسٹر یادو نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے وقت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے لوگوں سے جو وعدے کئے تھے انہیں چار برس کے بعد اب تک پورا نہیں کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں اور وعدہ خلافی کی وجہ سے لوگوں میں کافی غصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ این ڈی اے نے جو پالیسی بنائی اس پر وہ نہیں چلی۔
سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ بی جے پی سے لوگوں کی ناراضگی کا پتہ اترپردیش کے کیرانا، گورکھپوراور پھولپور کے نتائج سے واضح طورپر پتہ چلتا ہے۔ اسی طرح بہار میں لوک سبھا کے ایک اور اسمبلی کی دو سیٹوں کے لئے ضمنی انتخابات میں لوگوں نے این ڈی اے کے امیدوار کو آئینہ دکھانے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں نے بی جے پی کو اب سمجھ لیا ہے ا س لئے اب کسی طرح کے بہکاوے میں آنے والے نہیں ہیں.