Baseerat Online News Portal

امریکہ سے اغوا شدہ 4 ہند نژاد افراد کا قتل

 

لاشیں برآمد، مہلوکین میں 8؍ماہ کی بچی بھی شامل

آن لائن نیوز ڈیسک

امریکہ کے کیلیفورنیا میں اغوا ہونے والے ہند نژاد خاندان کے 4 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ مہلوکین میں ایک 8 ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔ مرسڈ کاؤنٹی کے شیرف ورن وارنیک نے بتایا کہ مقتولین کی لاشیں اسی علاقے سے برآمد کی گئی ہیں اور یہ واقعہ انتہائی خوفناک ہے۔جن اغوا شدہ افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں ان میں 36 سالہ جسدیپ سنگھ، ان کی بیوی جسلین کور (27)، ان کی آٹھ ماہ کی بیٹی آروہی ڈھیری اور ایک 39 سالہ شخص امندیپ سنگھ شامل ہیں۔امریکی حکام نے کہا تھا کہ چاروں افراد کو 3 اکتوبر کو ساؤتھ ہائی وے 59 کے 800 بلاک سے جبراً اغوا کیا گیا تھا۔ حکام نے کسی مشتبہ شخص کا نام نہیں لیا۔ معلومات کے مطابق متاثرہ خاندان کا امریکہ میں اپنا ٹرانسپورٹ کا کاروبار ہے اور یہ خاندان پنجاب کے ہوشیار پور ضلع کے ٹانڈہ کے ہرسی گاؤں کا رہنے والا ہے۔اس سے قبل کیلیفورنیا پولیس نے اس معاملے میں ایک 48 سالہ شخص کو حراست میں لیا تھا، جس نے خودکشی کی کوشش کی اور اب اس کی حالت تشویشناک ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق جاسوسوں کو منگل کی صبح اطلاع ملی کہ مرسڈ کاؤنٹی کے ایٹ واٹر میں واقع ایک اے ٹی ایم میں متاثرہ کا بینک کارڈ استعمال کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے پیر کو کیلیفورنیا کے فائر حکام نے مرسڈ کے باہر دیہی علاقے میں جلی ہوئی حالت میں امندیپ سنگھ کا ٹرک برآمد کیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ اغوا کاروں نے آگ لگا کر شواہد کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔

Comments are closed.