Baseerat Online News Portal

بکرے کی بلی کے دوران ہتھیار پھسل کر بچے کی گردن پر گرا، ہسپتال لے جاتے ہوئے بچے نے راستے میں ہی دم توڑا

رانچی(ایجنسی) جھارکھنڈ کے گملا ضلع کے ایک گاؤں میں درگا نومی کے موقع پر بکرے کی قربانی کے دوران ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ گھاگھرا تھانہ علاقہ کے لال پور گاؤں میں پیش آنے والے اس واقعہ کے دوران جس تیز دھار ہتھیار سے بکرے کی قربانی دی جا رہی تھی وہ ہاتھ سے پھسل گیا اور قریب کھڑے تین سالہ بچے کو جا لگا۔ لہولہان بچہ علاج کے لیے اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ اس حادثے کی وجہ سے پورے گاؤں میں پوجا کا جوش سوگ میں بدل گیا۔
رپورٹ کے مطابق متوفی بچے کا نام ویمل اوراوں ہے اور اس کے اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔ بتایا گیا کہ گاؤں کے درگا پوجا منڈپ میں روایت کے مطابق بکروں کی بلی دی جا رہی تھی۔ دو بکروں کی بلی چڑھا دی گئی تھی اور تیسرے بکرے کی بلی چڑھانے کی تیاری کی جا رہی تھی، لیکن جیسے ہی بکرے کی گردن پر بلوا (ایک تیز دھار ہتھیار) سے وار کیا گیا، وہ پھسل کر بھیڑ میں کھڑے دیپک اوراوں کے تین سالہ بیٹے ویمل اوراوں کی گردن پر جا لگا۔ جس سے پوجا کے مقام پر ہنگامہ برپا ہو گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ گھاگھرا تھانہ انچارج امت چودھری نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے متوفی کے والدین کا بیان قلمبند کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں تھانے میں ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ گاؤں کے لوگ اس حادثے سے صدمے میں ہیں۔

Comments are closed.