Baseerat Online News Portal

تیرے غم کے آنسو……. میرے مہ پارے

 

عبد القادر فہمی
امام و خطیب مسجد علی المرتضیٰ ؓ گوونڈی ممبئی

[email protected]

8268326055

ایک بہن ہے، عام سی بہن ،سیدھی سادھی بہن، بھولی بھالی بہن، پردہ دار وفادار بہن ،باکردار حیادار بہن، خود دار جانثار بہن،پیکر ایثار عبادت گزار بہن۔۔۔۔۔

"بہن” تین حروف ایک لفظ مگر ایسا لفظ کہ جس میں خاموش قربانیوں، بے لوث محبتوں اور بےغرض عقیدتوں کا جہاں لامحدود ہے.
مان بھری نگاہوں اور پیار بھری شرارتوں کا خزینہ بے بدل موجود ہے.

میری لاڈلی بہن!
کیا بتاؤں…. کہ تم میرے لیے کیا ہو ؟تم دعا کی ایسی پاکیزہ کتاب ہو جس کو پڑھنے سے غم دور ہوجاتے ہیں،
دل بہلتے ہیں ،تسلی کی زنبیل کھلتی ہے ،امیدوں کے چراغ جلتے ہیں، یوں جیسے تم میں نور و آگہی کے جھرنے بہتے ہیں، تم پھولوں سے زیادہ حسین اور سورج سے زیادہ تابناک ہو کوئی کتنی ہی کڑوی بات کیوں نہ کہہ دے ناراض ہونا تمہیں آتا ہی نہیں،
تمہارے ہونٹوں پر جب مسکراہٹ کی شفق پھوٹتی ہے تو تمہارا سارا وجود جیسے دمک سا جاتا ہے، تم میری جذباتی طبیعت اور ناراض ہونے والی عادت کے باوجود مجھ سے بے انتہا محبت کرتی ہو اور میری زور رنج فطرت دیکھتے ہوئے مجھے اس طرح سمجھاتی اور دلاسہ دیتی ہو جیسے کہ تم مجھ سے عمر میں بڑی اور تجربہ کے اعلی معیار پر ہو ،
تم سے بات کرتا ہوں تو دل کا سارا بوجھ ہلکا ہو جاتا ہے، گلے شکوے اور ناراضگی دور ہوجاتی ہے.

تم بیٹی کی حیثیت سے بہت حسّاس، بحیثیت بہن زینت علم و ادب سے آراستہ و پیراستہ، اور رب العزت کی ذات سے امید ہے کہ بحیثیت بہو تم خدمت گزار اور وفا شعار بنوگی…
تم بیٹی کے روپ میں سورج ….تو بہن کے روپ میں چاند ہو کہ جس کے بغیر پوری کائنات بے نور اور بجھی بجھی سی ہوتی ہے……..

میری پیاری بہن..!!
تم بیٹی کے روپ میں رحمت ہو، بہن کے روپ میں دعا ہو، اور اب جب ایک حسین شہزادہ کی ہمسفر بن گئی ہو تو سکون قلب بن گئی ہو، اور جب ماں بنوگی تو جنت بن جاؤگی اور تمہاری اصل پہچان یہ ہے کہ تم بنت حوا ہو.

میری لاڈلی بہن….! مجھے معلوم ہے کہ تیرے جانے سے میرے گھر کی رونق چلی گئی، میرے گھر کی در و دیوار پر سناٹا چھا گیا ،گھر کے ہر فرد کا چہرہ مرجھا گیا.
اور ہم سب تیری جدائی پر ماتم کناں ہیں، آنکھیں ساون کی بارشوں کی طرح آنسو بہا رہی ہیں ، اور جب سے تیری ڈولی میرے گھر سے اٹھی ہے اس وقت سے سکون چھن گیا ہے ،کھانا مجھ سے روٹھ گیا ہے ،مجھے گھر کے ہر ذرے پرائے لگنے لگے ہیں،
پتہ ہے کیوں؟؟…………؛کیونکہ تو میرے گھر کی بہار تھی، ہر ایک لبوں کی مسکان تھی، تیرے نام سے گھر میں شہنائی گونجتی تھى؛ لیکن کیا کروں مجبور ہوں دنیاوی رسم و رواج اور اپنے سماجی معاشرے سے اور شریعت مطہرہ کے حکم سے؛ ورنہ میری بہن تو کبھی مجھ سے جدا نہ ہوتی ، بہن اسمیں میرا کوئی قصور نہیں ہے ، بہن تو مجھے مجرم مت سمجھنا یہ سب جو میں نے کیا یہ سب تیری بھلائی کے لئے کیا تیرے سکھ چین اور تیری زندگی کے بہتری کے لئے کیا ؛لیکن بہن تو میری تنہائی میں آج بھی موجود ہے، میں تخیلات میں تمہیں سے باتیں کرتا ہوں اور سوچتا ہوں ، کہ اب ٹیلیفون کرونگا تو کون کہے گی کہ *”بھیا۔۔امی گھر کے باہر ہے۔۔ تھوڑی دیر بعد فون کرو۔۔!! ویسے بھیا آپ خیریت سے ہو نا۔۔۔؟؟”*
اور یہ بھی سوچتا ہوں کہ اب میری ہلکی سی کھانسی پر کون کہے گا *”بھیا کیا ہوا۔۔۔۔؟ آپ ٹھیک تو ہو نا۔۔؟”*۔
بہن۔۔۔
اب مجھے کون بھیا کہکر پکارے گا، بہن میرے چمن کی تتلیاں بھی پریشان ہیں کہ اب وہ کس کے ساتھ کھیلیں گی ، اور باغوں کے پھول بھی پوچھ رہے ہیں کہ اب ان میں محبتوں کے ،شرارتوں کے اور مستیوں کے رنگ کون بھرے گا۔۔۔؟؟

میری لاڈلی ۔۔!!
آج تیرے قدموں میں محبت کے پھول نچھاور کرکے، تیری مانگ کو موتیوں سے بھر کے، تیرے ماتھے کو چاند ستاروں سے سجا کے، تیری پیشانی کو چوم کر اپنے دل پر پتھر رکھ کر تجھے الوداع کہہ رہا ہوں۔۔۔۔۔

جا۔۔۔۔۔!! میری بہن جا۔۔۔۔۔ میری دعائیں ہمیشہ تیرے ساتھ ہوں گی۔
کیا کریں بہن ؟
تمہارا اور ہمارا ساتھ شاید اتنے ہی دنوں کا تھا ۔
کاتب تقدیر نے اتنے ہی دنوں کا رزق ہمارے گھر پر لکھا تھا ، تو ہمارے مقدر میں کل تک کے لئے ہی تھی ؛ لیکن جا میری بہن جا۔!! تجھے تیری سسرال مبارک۔۔۔! تیرا اپنا نیا گھر مبارک۔۔۔!
اللہ تعالٰی تیرے سہاگ کو سدا قائم و دائم رکھے تو اپنے گھر کی ملکہ بنے۔ تیرے گھر والے تجھے ٹوٹ کر چاہیں۔ جا میری بہن جا تجھے تیرے سسر ساس مبارک تجھے تیرے نئے والدین مبارک ، گھر کے صحن و دالان مبارک، جا میری بہن جا۔۔۔۔ !! اب تیرا نیا گھر ہی تیرا اصل مسکن ہے ، اب تو اسی گھر کو بنا سنوار.
اور اپنے دم سے تو اسے رونق بخش.
اب تو اپنا سارا پیار اور ساری محبتیں اپنے شوہر اور اپنے گھر والوں پر نچھاور کر.
میری بہن اب تیرے غمخوار اور تیرے سکھ دکھ کے ساتھی وہی لوگ ہیں،
میری بہن اسوقت تو ہمیں بھول جا!اگر ہم سے کوئی غلطی ہوئی ہو تو اسے معاف کردے !
میری بہن تیری ہر خوشی میں ہماری خوشی شامل ہے ،
میری بہن جا تجھے تیری خوشی مبارک ہمیں ہمارے غم مبارک ، ہم رو رو کر اپنا غم ہلکا کرلیں گے . اور ہم تیرے لئے ہمیشہ دعاکریں گے کہ اللہ رب العالمین تجھے ہمیشہ خوش رکھے، تیرے خوشیوں کا باغ کبھی بھی نہ مرجھانے پائے، اور اللہ تعالٰی تجھے نیک بیوی اور نیک و صالح ماں بنائے اور تجھے اللہ تعالٰی مصلح انسانیت کا علمبردار بنائے ..

Comments are closed.