Baseerat Online News Portal

عورت

 
شفا جبین (سیالکوٹ)
”عورت“ جس کا وجود محبت کی مٹی میں گندھا ہے۔ پانچ حرفی لفظ اپنے اندر دنیا جہان کی محبت سموئے ہوئے ہے۔ یہ محبت کسی بھی روپ میں ہمارے ارد گرد پائی جاتی ہے ماں ، بہن ، بیٹی ، بہو ، بیوی اور بھابھی۔
ہر رشتے میں اس کا الگ ہی مقام ہے بہت سے رنگوں کا مجموعہ جس میں نزاکت ، حسن ، شوخ و چنچل ، سمجھداری ، احساس، محبت ، اور جذبات کوٹ کوٹ کر بھرے ہیں ۔ جب وہ دکھی ہوتی ہے تو لگتا ہے سارا جہان دکھ میں گھرا ہوا ہے ،وہ اپنے دکھ کو کسی کے بھی سامنے بیان نہیں کرتی، لیکن پھر بھی اس کی خاموشی اس کی کھنکھناہٹ کہیں کھو جاتی ہے۔ لیکن جب وہ خوش ہوتی ہے تو گویا اپنے ہر عمل سے اعلان کرتی ہے کہ وہ خوش ہے۔ بیک وقت بہت سی خوبیاں ایک عورت میں پائی جاتی ہیں، اس کی ممتا کا پیار جس کا کوئی نعم البدل نہیں ۔اللہ نے اس کے قدموں تلے جنت رکھ دی۔ ماں کے روپ میں عورت کے پیار کی اللہ نے اتنی خوبصورتی سے تصدیق کی کہ کہہ دیا کہ اللہ ستر ماؤں جتنا پیارکرتا ہے۔ ایک ماں کا پیار جو دنیا میں اولاد کے لیے سب سے زیادہ ہے۔
عورت کا مقام بہت اعلیٰ ہے۔ اس کو اسلام نے اتنی عزت دی ہے کہ وہ ساری زندگی اس احسان تلے ایک خوشگوار زندگی گزار سکتی ہے۔ صرف عورت کو ہی یہ مقام حاصل ہے کہ جس کے پیروں تلے جنت ہے جب گھر سے نکلے تو مرد عزت سے ان کو راستہ دیتے ہیں، گاڑی میں جگہ دینے کے لیے اپنی سیٹ سے فوراً اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ لیکن جس طرح ہم صرف قیمتی چیزیں ہی سنبھال کراور خوبصورت طریقے سے چھپا کر رکھتے ہیں اسی طرح عورت بھی ایک قیمتی ہیرا ہے جس کو اسلام نے چھپ کر رہنے کا حکم دیا، اپنی پہچان ، اپنی خوبصورتی ، اپنی نزاکت کو پردے کی تہہ میں چھپا کر ایک سیپ میں بند موتی کی طرح رکھنے کا حکم دیا۔
آج کے دور میں جہاں عورت خود کو مرد کے برابر قرار دینے کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہے وہ ایک دفعہ اللہ کی پیاری کتاب جو ہمارے لیے ہی نازل کی گئی ہے، کھول کر پڑھ لے جس میں ایک پوری سورۃ ”سورۃ النسا“ ہی عورت کے نام ہے تو شاید وہ مرد کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے سے پہلے سوچ لے کہ گھر کی ملکہ عورت ہی ہے، لیکن گھر سے باہر اس کے ساتھ مرد ایک قدم آگے ہے جو اس کی حفاظت کرتا ہے اس کا محافظ بنتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ النسا میں فرمایا:۔
”مرد افسر ہیں عورتوں پر اس لیے کہ اللہ نے ان میں ایک کو دوسرے پر فضیلت دی“ ( آیت ٣٤)
عزت و احترام دونوں طرف سے واجب ہے۔ عورت بہت سے احساسات اور جذبات کی عکاسی ہے۔ اس میں بہت سے روپ ہر احساس کے ساتھ موجود ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ عورت خالق کائنات کی حسین ترین تخلیق ہے۔

Comments are closed.