Baseerat Online News Portal

قابض اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ

چوبیس گھنٹوں میں فائرنگ کے واقعات سمیت60 مزاحمتی کارروائیاں

آن لائن نیوزڈیسک
فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے قابض اسرائیلی فورسز اور یہودی آباد کاروں کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فلسطین کے مختلف علاقون میں فائرنگ کے 10 واقعات سمیت مجموعی طور پر60 مزاحمتی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ ان کارروائیوں میں قابض دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔’معطی‘ انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق نابلس میں گیٹ جنکشن کے قریب فلسطینیوں کی سنگ باری سے ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہو گیا۔”اتمار” یہودی بستی کے قریب آباد کاروں کی گاڑی پر فلسطینیوں نے سنگ باری کی جب کہ اس علاقے میں فلسطینیوں نے چار مختلف مقامات پر فائرنگ کی۔ شاہراہ القدس، شہر کے وسط میں بیت فوریک چوکی،بلطہ پناہ گزین کیمپ اور اسرائیلی ڈرون طیاروں پر فلسطینیوں نے فائرنگ کی۔بیت لحم کے قصبوں حوسان اور تقوع میں جھڑپوں کے دوران ایک آباد کار پتھراؤ سے زخمی ہو گیا۔ اس دوران مزاحمتی کارکنوں نے آباد کاروں کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔الخلیل شہر میں "گوش عتصیون” بستی کے قریب یہودی آباد کاروں اور قلقیلیہ میں "کرنی شمرون” بستی کی طرف فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔مزاحمت کاروں نے دوتان اور سالم چوکیوں، فقوعہ کے قریب دیوار فاصل ، جنین میں عانین گیٹ اور الجلمہ چوکی پر دیسی ساختہ بموں سے حملہ کیا گیا۔مزاحمت کاروں نے غرب اردن کے 8 الگ الگ علاقوں میں آباد کاروں کے حملوں کا  مقابلہ کیا۔ یہودی آباد کاروں کی 6 گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی اور قابض فوج پر پٹرول بم پھینکے۔بیت المقدس، رام اللہ، نابلس، سلفیت، اریحا، بیت لحم، الخلیل اور قلقیلیہ کے قصبوں اور کیمپوں سمیت 30 مقامات پر جھڑپیں ہوئیں، جس کے دوران نوجوانوں نے قابض فوج پر پتھراؤ کیا۔مغربی کنارے میں گذشتہ ستمبر کے دوران فلسطینی مزاحمت کی تمام شکلوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ فلسطینی انفارمیشن سینٹر "معطی” نے مزاحمت کی 833 کارروائیوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان مزاحمتی کاروائیوں کے نتیجے میں ایک اسرائیلی ہلاک اور 49 دیگر زخمی ہوئے۔

Comments are closed.