Baseerat Online News Portal

مالیگاؤں ۲۰۰۸بم دھماکہ معاملہ

 

سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو گرفتار کرنے والے اے ٹی ایس افسر سے دفاع کی جرح

دفاعی وکیل نے گواہ استغاثہ کے خلاف مقدمہ قائم کرنے کی دھمکی دی

ممبئی۔۶؍اکتوبر: مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے میں آج ایک اہم گواہ کی گواہی عمل میں آئی جس نے چار بھگوا ملزمین بشمول سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو گرفتارکیا تھا۔سبکدوش اے ٹی ایس افسر اروند ساونت نے آج ممبر آف پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی موجودگی میں اس کے خلاف خصوصی عدالت میں گواہی دے۔ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے وکیل جے پی مشرا نے گواہ استغاثہ سے جرح کی اور اس پر الزام عائد کیا کہ وہ آج عدالت میں سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف جھوٹی گواہی دے رہا ہے نیز اس نے ملزمہ کے خلاف جھوٹے ثبوت و شواہد اکھٹا کیئے تھے۔دوران جرح گواہ استغاثہ اور دفاعی وکیل میں گرما گرم بحث بھی ہوئی جس کے بعد خصوصی این آئی اے جج اے کے لاہوٹی نے دونوں کو متنبہ کیا کہ وہ بحث کرنے سے پرہیز کریں۔دوران گواہی دفاعی وکیل جے پی مشرا نے گواہ اروند ساونت کو دھمکی بھرے اندازمیں کہا کہ وہ اس کے خلاف سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو جھوٹے مقدمہ میں گرفتارکرنے کا مقدمہ قائم کریں گے۔دفاعی وکلاء کی جرح آج نا مکمل رہی جس کے بعد عدالت نے اپنی سماعت کل تک کے لیئے ملتوی کردی۔آج عدالت میں سادھوی پرگیہ سنگھ بھی حاضر ہوئی، یہ پہلا موقع تھا جب وہ نئے جج کے سامنے پیش ہوئی۔ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے بذیعہ وکیل جج سے کہا کہ بیٹھنے کے لیئے اسے کرسی درکار ہے لہذا انہیں کرسی پر بیٹھنے کی اجازت دی جائے جسے جج نے قبول کرلیا۔ اسی درمیان ایڈوکیٹ جے پی مشرا نے خصوصی جج کو کہا کہ گرفتاری سے قبل ملزمہ فراٹے سے موٹر سائیکل دوڑاتی تھی لیکن اے ٹی ایس والوں نے اسے اتنا زدو کو ب کیا کہ وہ اب چلنے پھرنے سے قاصر ہے اور اسے بیٹھنے کے لیئے کرسی کی ضرورت پڑتی ہے اور یہ ہی وجہ ہیکہ وہ عدالت میں روزانہ حاضر ہونے سے قاصر ہے۔عموما ً عدالتی کارروائی مراٹھی اور انگزیزی زبان میں انجام دی جاتی ہے لیکن آج سادھوی پرگیہ سنگھ کی درخواست پر عدالت نے گواہ سے ہندی زبان میں سوال کرنے کی اجازت دی اور گواہ کو حکم دیا کہ ہندی زبان میں جواب دینے کی کوشش کرے تاکہ ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر بھی سمجھ سکے گواس کیابول رہا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ سماعت پر گواہ استغاثہ اروند ساونت عدالت میں حاضر نہیں ہوسکے تھے جسکے بعد خصوصی این آئی اے جج نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے اس کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا۔دوان سماعت آج عدالت میں ملزم سمیرکلکرنی موجود تھے کہ جبکہ بم دھماکہ متاثریں کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ ارشد شیخ، ایڈوکیٹ قربان حسین د ویگر موجود تھے۔واضح رہے کہ ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ میں گواہوں کے بیانات کا اندراج کررہی ہے، ابتک 273گواہوں کی گواہی عمل میں آچکی ہے اور عدالتی کارروائی روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے۔

Comments are closed.