Baseerat Online News Portal

ممبئی :باندرہ-ورلی سی لنک پر دل دہلا دینے والا حادثہ، 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی، کئی گاڑیاں تباہ

ممبئی(ایجنسی)ممبئی کے باندرہ-ورلی سی لنک پر بدھ کی صبح ایک دل دہلانے دینے والے حادثے کے دوران کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 13 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پانچ گاڑیاں آپس میں متصادم ہو گئیں۔ تصادم اتنا خوفناک تھا کہ پانچوں گاڑیوں کے پرخچے اڑ گئے۔
دراصل، یہاں پہلے سے ٹکرا چکی ایک کار اور وہاں موجود ایمبولینس سے 3 دیگر گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ پولیس کے مطابق 13 زخمیوں میں سے 8 زیر علاج ہیں۔ رپورٹ کے مطابق باندرہ ورلی سی لنک پر ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا۔ لہذا زخمیوں کو لینے کے لیے ایک ایمبولینس طلب کی گئی تھی۔ لیکن اس سے پہلے کہ ایمبولینس زخمیوں کو اسپتال لے کر جاتی، مزید 3 گاڑیاں ایمبولینس اور پہلے سے حادثہ کا شکار ہوئی کار سے ٹکرا گئیں۔ اس کے بعد سی لنک پر چیخ و پکار مچ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کام شروع کر دیا۔ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ رپورٹ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 4 سے 5 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ فی الحال تمام زخمیوں کا علاج جاری ہے اور پولیس نے ان کے اہل خانہ کو بھی مطلع کر دیا ہے۔

Comments are closed.