مسلم دنیا

ایرانی حکومتی ایوان کے 17 عہدیدار کرونا وائرس کی بھینٹ چڑھ گئے

آن لائن نیوزڈیسک
کرونا وائرس کی وبا سے ایران کے حکومتی عہدیدار، ولایت فقیہ کے رہنما اور خامنہ ای کے اہل خاندان سمیت کوئی بھی محفوظ نہیں رہا۔سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق اب تک 17 حکومتی عہدیدار اس مہلک بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوچکے ہیں ،جبکہ 12 دوسرے زیر علاج ہیں۔ تادم تحریر ایران میں 24811 کرونا وائرس کے کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 1934 افراد اس وباء کی لپیٹ میں آکر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ایران کے حکومتی ایوانوں میں ہلاک ہونے والوں میں سپاہ پاسداران انقلاب کے بانی رکن حبیب برزگاری بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سابق ایرانی رکن اسمبلی حامد کہرام بھی کرونا کا شکار ہو چکے ہیں۔ حامد کہرام ایرانی صدر حسن روحانی کی صدارتی مہم کے دوران ان کے صوبائی مہم کے نگران تھے۔مجلس خبرگان رہبری ایران ہاشم بطحائی کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد چل بسے۔ یاد رہے کہ مجلس خبرگان رہبری کو ایرانی نظام میں بنیادی اتھارٹی کی حیثیت حاصل ہے۔ ایران کے آئین نے اس مجلس کو ملک کے رہبر اعلی کے تقرر اور معزولی کا اختیار دیا ہے۔ یہ مجلس 88 ارکان پر مشتمل ہوتی ہے۔ ارکان کا انتخاب براہ راست عوامی ووٹنگ کے ذریعے 8 سال کی مدت کے لیے عمل میں آتا ہے۔ادھر دوسری جانب 13 مارچ کو جاری شدہ ایک بیان کے مطابق پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر ناصر شبانی بھی کرونا وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔ پاسداران انقلاب کے ایک اور کمانڈر حسین اسد اللہ کی موت کے بارے میں بھی شبہ کا اظہار کیا جاتا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ ایران کے سابق سفیر برائے شام حسین شیخ الاسلام، سابق رکن اسمبلی محمد رضا ، رکن پارلیمان فاطمہ راہبر اور محمد علی رمضانی، مصالحتی کونسل کے رکن محمد میر محمدی اور ویٹیکن کے لئے سابق سفیر ہادی خسروشاہی شامل ہیں۔

Tags
Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker