ہندوستان

میڈیکل اسٹاف کو 50 لاکھ روپے کا میڈیکل انشورنس، اجّولا یوجنا کے تحت 3 ماہ مفت سلنڈر: حکومت نے کئے کئی بڑے اعلان

نئی دہلی،26؍مارچ (بی این ایس )
حکومت نے کرونا وائرس کے خطرے کے درمیان غریبوں، باہر سے آئے مزدوروں اور ضرورت مندوں کے لئے 1.70 لاکھ کروڑ روپے کے وزیر اعظم غریب فلاح وبہبود پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے جمعرات کو کہا اس کے تحت خوراک اور نقد ٹرانسفر دونوں دیا جائے گا۔ پی ایم غریب فلاح وبہبود اناج منصوبہ کے تحت 80 کروڑ غریب لوگوں کے لئے کھانے کا بندوبست کیا جائے گا تاکہ کوئی غریب بھوکا نہ رہے۔ اس منصوبہ کے تحت 5 کلو گندم یا چاول تین ماہ تک ملے گا۔ اس کا فائدہ 80 کروڑ لوگوں کو ہوگا۔ یہ عوامی تقسیم کا نظام (پی ڈی ایس) سے ملنے والے فوائد سے الگ ہوگا۔ اس کے علاوہ، ایک کلو دال کا بھی انتظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خطرے کے درمیان اپنی جان خطرے میں ڈال کر علاج کرنے میں لگے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کو 50 لاکھ روپے کا طبی انشورنس دیا جائے گا۔ پی ایم کسان منصوبہ کے تحت کسانوں کو ہر سال 6000 روپے دیے جاتے ہیں۔ اپریل کے پہلے ہفتے میں 2000 روپے کی قسط اکاؤنٹ میں ڈال دی جائے گی۔ 8 کروڑ سے زیادہ کسانوں کو اس کا فائدہ ہو گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے مزدوروں کو راحت دیتے ہوئے ان کی مزدوری بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منریگا کے تحت اجرت کو بڑھا کر 182 روپے سے 202 روپے کر دیا گیا ہے۔ سیتا رمن نے کہا کہ 20 کروڑ خواتین جن دھن اکاؤنٹس میں اگلے تین ماہ تک 500 روپے ہر ماہ ڈالے جائیں گے تاکہ وہ گھر کی ضروریات کو پورا کر سکیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعظم اجّولا منصوبہ کے تحت آٹھ کروڑ خواتین کو گیس سلنڈر کنکشن دیئے گئے ہیں۔ انہیں رسوئی گیس کی دقت نہ ہو اس لیے انہیں اگلے تین ماہ تک مفت میں رسوئی گیس کے سلنڈر ملتے رہیں گے۔

Tags
Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker