ہندوستان

طوفانِ امفان نے خس و خاشاک بھی اڑا ڈالے : بنگال میں ہلاک شدگان کی تعداد ۸۶، پانی بجلی کا بحران ،حکومت نے فوج سے مدد طلب کرلی ، بنگلہ دیش میں ۵لاکھ لوگ بے گھر

کولکاتہ، بھونیشور ، 23؍ مئی ( بی این ایس )
مغربی بنگال میںامفان نامی طوفان کی ستم خیزی کے باعث ہلاک شدگان کی تعداد ہفتہ کو بڑھ کر 86 ہو گئی، وہیں پوری ریاست میں بجلی اور پانی کی ترسیل کی شدید قلت ہے ۔ بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث عوام کی پریشانیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ الغرض ان پریشانیوں کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے مغربی بنگال حکومت نے فوج سے مدد طلب کی ہے ۔ریاستی حکومت نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ریاستی حکومت امدادی کام اور ضروری اشیاء کی ترسیل میں مصروف ہے ، مزید برآں ریاستی حکومت نے فوج کی مدد طلب کی ہے ، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آرایف کی ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے۔ ریلوے، ایئر پورٹ اور پرائیویٹ سیکٹر سے بھی مدد مانگی گئی ہے۔ پینے کے پانی کے انتظامات اوربارش کے پانی کے اخراج کو بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے، کئی علاقوں میں پاؤچ پیکٹ سے پانی پہنچایا جا رہا ہے، ضروری جگہوں پر جنریٹر لگائے جا رہے ہیں۔ زمین بوس درختوں کوسڑکوں سے کئی محکمہ جات کی 100 سے زیادہ ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔خیال رہے کہ ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں بھی مذکورہ طوفان کی ستم خیزی اور ہولناکی دیکھنے کو ملی ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق یہاں 5 لاکھ سے زیادہ افراد خانماں برباد ہو گئے ہیں،ان لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیاء نہیں ہے، کرونابحران کے درمیان ناز ل شدہ اس آفت سے نمٹنے کے لئے بنگلہ دیش حکومت کافی کوشش کر رہی ہے۔غور طلب ہے کہ مغربی بنگال کے نازک حالات کو دیکھتے ہوئے وزارت داخلہ نے این ڈی آر ایف کی 10 اضافی ٹیمیں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کی اطلاع وزارت داخلہ کی ترجمان نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ جب تک حالات معمول نہیں ہو جاتے، اس وقت تک یہ ٹیمیں بنگال میں ہی رہیں گی۔بتا دیں کہ پہلے سے بھی 15 ٹیمیں بنگال میں امدادی کام میں لگی ہوئی ہیں۔ ادھر طوفان سے متأثر اڑیسہ نے بھی مغربی بنگال کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کے خصوصی ریلیف کمشنر نے کہا کہ مغربی بنگال میں گرے درختوں کو ہٹانے اور دیگر امدادی کام کے لئے اڑیسہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس کے 500 اہلکار اور فائر بریگیڈمحکمہ کے 500 اہلکار وہاں جاکر امدادی کاموں میں ہاتھ بٹائیں گے۔

Tags
Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker