مسلم دنیا

کوروناوائرس لاک ڈاؤن:دبئی میں بدھ سے اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان

آن لائن نیوزڈیسک
دبئی میں حکام نے بدھ27 مئی سے اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے. روزانہ صبح 6 سے رات 11 بجے تک تجارتی ادارے کھلے رہیں گے.
ولی عہد دبئی اور ایگزیکٹیو کونسل کے سربراہ شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے عید الفطر کے چوتھے دن سے دبئی میں اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے.
الامارات الیوم کے مطابق دبئی کے ولی عہد نے بتایا ہے کہ ’اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حاکم اعلی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ملک میں قدرتی آفات اور بحرانوں کی اعلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا ہے‘.
آن لائن اجلاس میں دبئی کے نائب سربراہ شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم بحرانوں کی اعلی کمیٹی کے سربراہ شیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم اور کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے.
شیخ حمدان بن محمد نے بتایا کہ ’اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ ریاست کے تازہ حالات کی روشنی میں اقتصادی، سماجی اور صحت اثرات کا گہرائی سے جائزہ لے کر کیا گیا ہے‘.
ولی عہد دبئی نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے چوبیس گھنٹے احتیاطی تدابیر پر عمل کرائیں. اس حوالے سے آگہی مہم پر خصوصی توجہ دیں.
شیخ حمدان نے مزید کہا کہ ’ہمیں احساس ہے کہ کورونا کی وبا کے باعث عالمی بحران نے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے تاہم امارات کا معاشرہ ہر چیلنج پر پورا اتر کر رہے گا‘.
انہوں نے اطمینا ن دلایا ہے کہ ملک میں کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ سہولتیں مہیا ہیں. نجی ادارہ بھی تعاون کررہا ہے- دبئی ورلڈ کمرشل سینٹر میں فیلڈ ہسپتال تین ہزار بستروں پر مشتمل ہے.
شیخ حمدان کا کہنا تھا تمام سرکاری محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہاکہ وہ مختلف اقتصادی سرگرمیوں، بازاروں اور اداروں سے حفاظتی تدابیر کی پابندی کرائیں.

Tags
Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker