Baseerat Online News Portal

ملک کو قرض نہیں بلکہ مالی مدد کی ضرورت، غریبوں کے اکاؤنٹ میں پیسے ڈالے حکومت: راہل

نئی دہلی: 28؍مئی(بی این ایس)کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعرات کو کہا کہ موجودہ وقت میں ملک کو قرض نہیں بلکہ مالی مدد کی ضرورت ہے اور ایسے میں حکومت غریبوں کے اکاؤنٹ میں چھ ماہ کے لئے 7500 روپئے ہرمہینہ بھیجے ،چھوٹے اور درمیانہ طبقے کو اقتصادی پیکج دیا جائے۔سوشل میڈیا کے مختلف فورمز پر کانگریس کی جانب سے شروع کئے گئے ’اسپیک اپ انڈیا‘ مہم کے تحت ایک ویڈیو جاری کر کے انہوں نے حکومت سے یہ درخواست بھی کی کہ وہ مزدوروں کو ان کے گھر بھیجنے کے لئے مفت ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرے اور منریگا کے تحت سال میں 200 دن کی نوکری کو یقینی بنائے۔ گاندھی نے کہاکہ کووڈ کی وجہ سے ہندوستان میں ایک طوفان آیا ہوا ہے۔سب سے زیادہ چوٹ غریب عوام کو لگی ہے۔مزدوروں کو سینکڑوں کلومیٹر بھوکا،پیاسا اور پیدل چلنا پڑ رہا ہے۔ایم ایس ایم ای ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور بڑے پیمانے پر روزگار دیتے ہیں۔یہ یکے بعد دیگرے بند ہو رہے ہیں۔ان کے مطابق آج ہندوستان کو قرض نہیں بلکہ پیسے کی ضرورت ہے۔غریب آدمی کو پیسے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت سے چار مطالبے ہیں۔ پہلا مطالبہ یہ ہے کہ ہر غریب خاندان کے اکاؤنٹ میں چھ ماہ کے لئے 7500 روپے فی مہینہ ڈالا جائے۔منریگا کو 200 دن کے لئے چلایا جائے۔ایم ایس ایم ای کے لئے فوری طور پر ایک پیکیج دیا جائے۔مزدوروں کو واپس بھیجنے کے لئے فوری طور پر سہولت دستیاب کرائی جائے۔

You might also like