ہندوستان

محلہ خانقاہ کے علاوہ پورا دیوبند ہوا ہاٹ اسپاٹ سے آزاد،تاجروں اور شہر کے باشندوں نے لی راحت کی سانس،بازار اور چھوٹی صنعتیں کھلیں گی

دیوبند، 29؍مئی (سمیر چودھری؍بی این ایس)
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نئے احکام کے مطابق ایک محلہ کو چھوڑ کر پورے دیوبند کو ہاٹ اسپاٹ فری قرار دے دیا گیا ہے۔ جس کے بعد کئی سیل بند مقامات کو بھی کھول دیا گیاہے، جبکہ ابھی کچھ علاقوںکی سیل بندی باقی ہے۔ وہیں انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع چھوٹی صنعتوں کو چلانے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔ واضح ہو کہ لاک ڈائون کی وجہ سے گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصہ تک سیل بند اور ہاٹ اسپاٹ کی مدت گزارنے کے بعد آخر کار تاجروں اور شہر کے باشندوں کو راحت نصیب ہوئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جمعہ کے روز جاری ایک نئے روسٹر کے مطابق چھوٹی صنعتوں، تھوک اور رٹیل کرانہ تاجروں کے علاوہ کاسمیٹک، جنرل مرچینٹ، کھاد، بیج کی دوکانیں اور کھیتی کے اوزار فروخت کرنے والی دوکانداروں کو راحت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے لاک ڈائون کی مار جھیلنے والے شہر کو جمعہ کے روز انتظامیہ نے مزید راحت کے اعلان کے ساتھ اس کو عملی جامہ پہنایا۔ نئے حکم نامہ میں کہا گیاہے کہ انڈسٹریل ایریا میں چلنے والی چھوٹی صنعتیں اور رجسٹرڈ فرموں کے دفاتر ہفتہ واری چھٹی اتوار کے علاوہ روزانہ صبح 7بجے سے شام5بجے تک کھولے جاسکیں گے۔ جبکہ کریانہ کی تھوک دوکانیں رٹیلرکے علاوہ کاسمیٹک جنرل اسٹور،بیج اور کھاد وغیرہ کی دوکانیں منگل اور جمعہ کو صبح 10بجے سے شام 4تک کھلیں گی۔دیوبند کے ایس ڈی ایم دیویندر پانڈے نے بتایا کہ ہاٹ اسپاٹ اور کنٹینمینٹ زون کے مقامات کو کھولے جانے کے لئے ابھی نئے احکامات کا انتظارکرنا پڑیگا۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی مقام پر ایک وقت میں 5سے زائد افراد جمع نہیں ہوں گے اور کہا کہ سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کرانے کے لئے تاجروں کو اپنی دوکانوں کے باہر پختہ پینٹ سے سرکل بنانے ہوں گے، اس کے علاوہ سب کو اپنے موبائل پر آروگیہ سیتو ایپ ڈائونلوڈ کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کورونا سے بچائو کے لئے دوکان کے مالک اور اس پر کام کرنے والے دوسرے افراد کو لازمی طور پر ماسک پہننا ہوگا اور وقفہ وقفہ سے سینی ٹائزر کا استعمال بھی کرنا پڑیگا۔ایس ڈی ایم نے بتایا کہ تمام تاجروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر ماسک پہنے آنے والے گاہک کو سامان فروخت نہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بیوٹی پارلر، جم وغیرہ کھولنے پر ابھی پابندی برقرار رہے گی۔ ایس ڈی ایم دیویندر پانڈے نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ احکامات اور ضابطوں کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ایس ڈی ایم نے بتایا کہ اب خانقاہ پولیس چوکی کے علاقہ کو چھوڑ کر پورا شہر ہاٹ اسپاٹ فری قرار دے دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ محلہ خانقاہ پر واقع پولیس چوکی علاقہ کو کنٹینمینٹ زون مانتے ہوئے اس کے چاروں طرف چار سو سے پانچ سو میٹر اسکوائر کو چھوڑ کر پورے شہر کو ہاٹ اسپاٹ فری کردیاگیاہے۔حالانکہ ہاٹ اسپاٹ اور ریڈ زون فری ہوئے کئی مقامات سے انتظامیہ نے بندشیں ہٹالی ہیں جبکہ کئی علاقے ابھی سیل بند ہیں۔

Tags
Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker