ہندوستان

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سبھی دفاتر 8؍جون سے ملازمین کی صد فیصد حاضری کے ساتھ صبح نو بجے سے کھلیں گے
علی گڑھ ، 6؍جون: حکومت ہند اور حکومت اترپردیش کی تازہ رہنما ہدایات کے تحت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے سبھی دفاتر8؍جون 2020 سے صد فیصد ملازمین کی حاضری کے ساتھ صبح 9؍بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک کھلیں گے۔ جمعہ کو دفتر کھلنے کا وقت صبح 9؍بجے سے دوپہر ایک بجے تک رہے گا۔
اے ایم یو رجسٹرار مسٹر عبدالحمید آئی پی ایس کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں سبھی سربراہانِ شعبہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دفاتر میں سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل اور ماسک کا پہننا یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ ساٹھ سال کی عمر سے زیادہ کے ملازمین اپنے گھروں سے کام کرسکتے ہیں۔ جن علاقوں کو ضلع انتظامیہ نے کورونا وائرس سے متاثر کنٹینمنٹ زون قرار دیا ہے وہاں رہنے والے ملازمین یونیورسٹی کیمپس آنے سے مستثنیٰ رہیں گے۔
٭٭٭٭٭٭
خلیق احمد نظامی مرکز برائے علوم القرآن کے ای-جرنل کا تازہ شمارہ مرکز کی ویب سائٹ پر دستیاب
علی گڑھ ، 6؍جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے خلیق احمد نظامی مرکز برائے علوم القرآن کے ای-جرنل کا تازہ شمارہ مرکز کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کردیا گیا ہے۔ اس شمارے میں قرآنیات، قرآن اور سیاست، قرآن اور خواتین، قرآن کریم کی پیغمبرانہ تشریح وغیرہ موضوعات پر 12؍مضامین، تجزیاتی مقالات اور کتابوں پر تبصرے شامل ہیں۔
مضامین لکھنے والے شعبۂ علوم القرآن، اسلامیات، لسانیات ، اردو وغیرہ شعبوں سے وابستہ ہیں۔ اس میں دو مصنفین پروفیسر سلمان ندوی (ڈربن یونیورسٹی، جنوبی افریقہ) اور ڈاکٹر خورشید احمد قادری (جی سی یونیورسٹی، لاہور، پاکستان) بیرونِ ہند کے ہیں۔ قرآن میں خواتین کا مرتبہ موضوع پر ایک اہم مضمون پروفیسر اختر الواسع (صدر، مولانا آزاد یونیورسٹی، جودھپور )کا ہے۔ خلیق احمد نظامی مرکز برائے علوم القرآن کے اساتذہ ڈاکٹر ایوب اکرم، قاری حامد میاں اور گوہر قادر وانی کے مضامین بھی اس شمارہ میں شامل ہیں۔
مرکز کے ڈائرکٹر پروفیسر عبدالرحیم قدوائی نے بتایا کہ ویب سائٹ :
www.amu.ac.in/ajqs.jsp?did=10258&lid=Volume%2003%20Issue%2001 پر جاکر تازہ شمارہ کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے۔
٭٭٭٭٭٭
شعبۂ امراض خواتین و زچگی کی جانب سے وہاٹس ایپ پر طبی مشورہ کے لئے ہیلپ لائن کا آغاز
علی گڑھ ، 6؍جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبۂ امراض خواتین و زچگی نے موبائل؍ وہاٹس ایپ کے توسط سے ای کنسلٹیشن سہولت کی شروعات کی ہے۔
شعبہ کی سربراہ پروفیسر تمکین خاں نے بتایا کہ طبی مشورہ کے لئے خواتین، موبائل نمبر 7895660175 پر وہاٹس ایپ کے ذریعہ دفتری ایّام میں صبح دس بجے سے دوپہر ایک بجے تک اپنا میسیج ارسال کرسکتی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ شعبہ کی جانب سے مریضوں کے لئے ایک ہیلپ لائن نمبر 9887430520 صبح آٹھ بجے سے شب میں آٹھ بجے تک پہلے سے چل رہا ہے۔
٭٭٭٭٭٭
عالمی یومِ ماحولیات پر پودے لگائے گئے
علی گڑھ ، 6؍جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج میں عالمی یومِ ماحولیات پر شجرکاری مہم کا اہتمام کیا گیا۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری، پروفیسر ایس ایس احمد، ڈاکٹر پنکج کھراڈے ،ڈاکٹر نیہا اور ڈاکٹر ناصر صلاتی نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ قدرتی ماحول میں توازن کو برقرار رکھنے کے لئے پودے لگانا اور درختوں کی حفاظت کرنا ضروری ہے۔
ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہال کے احاطے میں بھی پرووسٹ پروفیسر حشمت علی خاں اور وارڈن صاحبان نے عالمی یوم ماحولیات پر متعدد پودے لگائے۔ اس موقع پر پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی بھی موجود تھے۔

Tags
Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker