Baseerat Online News Portal

بہار اسمبلی انتخابات کی تیاریاں یکطرفہ ،دو طرفہ بنانے کی ذمہ داری تیجسوی یادوپرہے

پٹنہ14جون(بی این ایس )
کورونا کی تباہ کاریوں کے درمیان ہی بہار قانون ساز اسمبلی الیکشن کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں ۔ حکمراں جے ڈی یو اور بی جے پی گذشتہ ایک ہفتہ سے ورچوئل ریلی کے توسط سے پارٹی کارکنان سے رابطہ کررہی ہیں۔ انتخابات کی تیاریاں یکطرفہ شروع ہوئی ہیں۔ اس مہم کا آغاز سب سے پہلے ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ نے بہار جن سنواد کے نام سے اپنی پہلی ورچوئل ریلی سے کیا تھا ۔ پھر اس کے بعد جنتا دل یو کے قومی سربراہ اور بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے کچھ اسی انداز میں چھ دنوں تک پورے بہار کے پارٹی کارکنان سے خطاب کرکے انتخابی ماحول پیدا کردیا ۔دوسری طرف اپوزیشن اتحاد کا حال یہ ہے کہ وہ ابھی بھی خواب غفلت میںپڑا ہے۔ ابھی تو یہ بھی سمجھ میں نہیںآرہا ہے کہ بہار میں عظیم اتحاد نام کی کوئی چیز ہے بھی یا نہیں۔اتحاد میں شامل مختلف پارٹیوں کے رہنما الگ الگ اپنی ڈفلی بجا رہے ہیں اور الگ الگ راگ الاپ رہے ہیں ۔ این ڈی اے نے تووزیراعلیٰ کے امیدوار کا اعلان کردیا ہے لیکن عظیم اتحاد کی قیادت پر بھی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ اور سی ایم کا چہرہ بھی طے نہیں ہے۔ اتحاد کی دو بڑی پارٹیوں آر جے ڈی اور کانگریس کی طرف سے بھی ابھی تک کوئی ٹھوس اجتماعی پہل نہیں ہوئی ہے۔ ایسے میں ابھی تک یہ لڑائی یکطرفہ نظر آرہی ہے، اسی دو طرفہ بنانے اور اپوزیشن کے امکانات کو بہتر بنانے کی سب سے بڑی ذمہ داری اتحاد کی سب سے بڑی پارتی آر جے ڈی اور اس کے لیڈر تیجسوی یادو پر ہے۔ صرف بیان بازی اور الزم تراشی سے کام نہیں چلنے والا ہے۔ تمام ہم خیال جماعتوں کے ساتھ بہتر تال میل ابھی تک نہیں ہو سکا ہے ۔

You might also like