Baseerat Online News Portal

بڑگاؤں پولیس کا نیا کارنامہ!مردہ بھائیوںکے خلاف ہی درج کردیا لاک ڈاؤن کے خلاف ورزی کامقدمہ

دیوبند،16؍جون(سمیر چودھری؍بی این ایس)
بڑگائوں تھانہ پولیس کا ایک نیا کارنامہ روشنی میں آیا ہے، پولیس نے دو مرنے والے بھائیوں کے خلاف ہی لاک ڈائون کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ قائم کردیا، جب کہ ایک بھائی کی موت 21سال قبل ہوچکی ، جب کہ دوسرے بھائی کی موت 13سال قبل ہوچکی ہے ، جیسے ہی پولیس تفتیش میں یہ معاملہ سامنے آیا تو ہر کوئی حیرت زدہ رہ گیا۔ گائوں کے باشندوں نے اس کی شکایت ایس ایس پی سہارنپور سے کی تو پولیس افسران بھی حیرت زدہ رہ گئے۔ سی او دیوبند کو اس پورے معاملے کی تحقیق سونپ دی گئی ہے ، یہ معاملہ بڑگائوں تھانہ علاقے کے ٹپری گائوں کا ہے ، لاک ڈائون کے دوران 15مئی کو مذکورہ گائوں میں ایک زمینی تنازعہ میں د وگروپوں کے درمیان مارپیٹ ہوگئی تھی ، جب یہ معاملہ تھانہ پہنچا اس کے بعد حلقہ داروغہ نے ایک گروپ کے ستیش، بجے پال اور ملاپ ولد مول چند سمیت دیگر دو بھائی دیوی سنگھ اور اوم پال کے خلاف دفعہ 188کے تحت مقدمہ قائم کردیا ۔ پولیس کی یہ کارروائی جب سرخیوں میں آئی جب گائوں کے باشندوں کے مطابق دیوی سنگھ کی موت 21سال پہلے ہوچکی ہے جب کہ اوم پال کی موت 13سال قبل کینسر کی وجہ سے ہوگئی تھی ، متأثرین کے اہل خانہ نے بڑگائوں پولیس کی لاپرواہی کی شکایت ضلع کے اعلیٰ افسران کے سامنے رکھی تو وہ بھی حیرت زدہ رہ گئے جس کے بعد اس معاملے کی تحقیق سی او دیوبند کو سونپ دی گئی۔ سی او دیوبند رجنیش اپادھیائے اس معاملے کی تحقیق کررہے ہیں۔ سی او دیوبند نے بتایا کہ ابھی داروغہ کے بیان درج کرانے کے لئے انہیں نوٹس بھیجا گیا ہے لیکن داروغہ نے بیان درج نہیں کرائے ہیں ، جانچ رپورٹ اعلیٰ افسران کو سونپی جائے گی جس کے بعد آگے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ خاکی وردی کی فضیحت کرانے والے داروغہ چھٹی پر چلے گئے ہیں ۔ سی او دیوبند ان کے بیان لینے کے لئے ان کا انتظار کررہے ہیں ، بتایا جاتا ہے کہ کارروائی کرنے والے داروغہ پہلے بھی تنازعات میں گھرے رہے ہیں ، گزشتہ سال شملانہ گائوں میں بجلی کے ایک معاملے میں پولیس کے ظلم سے پریشان ہوکر ایک کسان کے خودکشی کرنے کا معاملہ بھی روشنی میں آیا تھا اور اسی داروغہ کے خلاف بڑگائوں تھانہ میں مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی دنیش کمار پی کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ان کے علم میں آیا ہے ، متعلقہ تھانہ انچارج اور داروغہ کی جانچ سی او دیوبند کررہے ہیں ۔ اس معاملے میں ضرور کارروائی کی جائے گی ۔

You might also like