ہندوستان

اساتذہ اور طلباء آن لائن تدریس کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں

مابعد کرونا تعلیم و تدریس کے چیلنجز ۔ویبنار سے اساتذہ کا خطاب
حیدرآباد:29جون(بی این ایس ) مابعد کرونا جس طرح ہماری سماجی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں اسی طرح ہمارا تعلیمی نظام بھی بہت متاثر ہوا ہے کرونا وباء کی شدت اور طول اختیار کرجانے سے سماجی اور جسمانی فاصلے لازمی ہوگئے ہیں اب کمرہ جماعت کی تدریس کے امکانات کم ہوتے جارہے ہیں ۔طلباء کو تعلیمی نقصانات سے بچانے کے لیے لازمی ہے کہ ان حالات میں اساتذہ اور طلباء آن لائن تدریس کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں اور تعلیمی سلسلے کو جاری رکھا جائے وقت کی اس اہم ضرورت والے موضوع پر اردو کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے میں مہارت کے لیے مشہور ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی وائس پرنسپل و صدر شعبہ اردو این ٹی آر ڈگری کالج محبوب نگر کی جانب سے ایک آن لائن ویبنار بہ عنوان’’مابعد کرونا تعلیمی چیلنجز اور ہماری ذمہ داریاں‘‘منعقد کیا گیا۔ اس ویبنار میں اردو میڈیم ڈگری کالج کے اساتذہ نے شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد عبدالقدوس اسسٹنٹ پروفیسر اردو حسینی علم ڈگری کالج نے کہا کہ اردو میڈیم اساتذہ بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں ۔ ان حالات میں انہیں بھی اپنے اسباق یوٹیوب ویڈیوز کی شکل میں آن لائن رکھنے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیوب پر ویڈیوز کثیر تعداد میں دیکھے جائیں تو مالی آمدنی بھی ممکن ہے۔ اس کے لیے اساتذہ چھوٹے چھوٹے ویڈیوز ترتیب دیں۔ ڈاکٹر اسرار الحق اسسٹنٹ پروفیسر اردو گورنمنٹ ڈگری کالج سدی پیٹ نے کہا کہ اردو میڈیم کے طلباء کی کثیر تعداد اضلاع اور دیہاتوں میں ہے ایک گھر میں کئی بچے فون استعمال نہیں کرسکتے۔ ڈاٹا کے مسائل ہیں ان حالات میں ہم وائس مسیج یا چھوٹے ویڈیو بنا کر طلباء تک اپنے اسباق پہونچائیں۔ڈاکٹر عظمت اللہ اسسٹنٹ پروفیسر اردو ایم وی ایس ڈگری کالج محبوب نگر نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ اردومیڈیم اساتذہ ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں اور اپنے طلباء کے لیے آن لائن ویڈیوز اور تدریسی اسباق تیار کریں۔ ڈاکٹر مسرور سلطانہ اسسٹنٹ پروفیسر اردو گورنمنٹ ڈگری کالج جگتیال نے کہا کہ طلباء کو آن لائن اسباق کی جانب راغب کرنا اور انہیں تعلیمی ویڈیوز سے استفادے کے قابل بنانا بھی اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر ناظم علی سابق پرنسپل موڑتاڑ ڈگری کالج نے ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی اور دیگر اردو میڈیم اساتذہ کو مبارکباد دی کہ وہ عہد حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر سمیرہ نازنین اسسٹنٹ پروفیسر پولیٹیکل سائنس این ٹی آر کالج نے کہا کہ سوشل سائنسس اردو میڈیم کا تدریسی مواد بہت کم ہے اساتذہ کو آن لائن اسباق کی تیاری میںمہارت حاصل کرتے ہوئے تعلیمی بحران پر قابو پانا چاہئے ۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ کرونا وباء کے بعد ہم اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے آپ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کریں اور معاشی طور پر کمزور طلباء کو بھی کسی طرح اسمارٹ فون یا کمپیوٹر سے جڑنے کے لیے راغب کریں۔ اساتذہ مختصر ویڈیوز تیار کریں اور انہیں اپنے ذاتی یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کریں۔ اپنے ساتھی لیکچررز کے آن لائن گیسٹ لیکچر منعقد کریں۔ واٹس گروپ بنا کر طلباء کو معلوماتی اور تعلیمی ویدیوز شئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ڈاکٹر عبدالقدوس ان اساتذہ کی رہبری کریں گے جو آن لائن تدریسی مواد کی تیاری میں تکنیکی مہارت چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ مسائل کا شکوہ کرنے کے بجائے ان کے حل کے لیے ہمیں اجتماعی کوشش کرنا چاہیے اپنی معلومات میں اضافہ کرتے رہنا چاہیے اور ہمیں آنے والے وقت کے تقاضوں کو ابھی سے سمجھ کر اس کا حل کرنا چاہیے۔اساتذہ نے تربیتی کلاسز کے انعقاد پر زور دیا ۔ اجلاس سے آمنہ بیگم لیکچرر تاریک اور احمدی بیگم لیکچرر پبلک اڈمنسٹریشن نے بھی خطاب کیا۔ محمد محبوب ڈائٹ لیکچرر وقار آباد نے شکریہ ادا کیا۔

Tags
Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker