Baseerat Online News Portal

مہاراشٹر،ایم پی سمیت ۷ ریاستوں میں موسلا دھار بارش کی پیشن گوئی ، ممبئی میں تیز لہریں5 میٹر تک اٹھ سکتی ہیں ، بی ایم سی کا بھی انتباہ

ممبئی:4؍جولائی( بی این ایس )
محکمہ موسمیات نے آج مہاراشٹرا ، یوپی ، مدھیہ پردیش ، گجرات ، گوا ، کونکن ، چھتیس گڑھ اور بہار میں تیز بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔ ممبئی اوراس کے مضافاتی علاقوں میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے لئے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز ممبئی سمیت مضافات تھانے، پال گھر، کے کچھ علاقوں میں تقریباً سارا دن شدید بارش ہوئی تھی۔ رتناگری اور رائے گڑھ کے کچھ علاقوں میں بھی آبی جماؤ ہوا۔دارالحکومت ممبئی سمیت ریاست کے متعدد علاقوں میں صبح سے ہی موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ ممبئی میں میرین ڈرائیو میں اونچی لہر کے باعث سمندر میں تیز لہریں اٹھنے لگی ہیں۔ بی ایم سی نے عوام سے سمندر کے قریب نہ جانے کی اپیل کی ہے۔ بحریہ اور این ڈی آر ایف ٹیم کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ممبئی کے محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے ایس ہوسالیکر نے ہفتے کے روز ٹویٹ کیا کہ ممبئی میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں شدید بارش ہو ئی۔ ممبئی اور مغربی ساحل میں آج موسلا دھار بارش جاری رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی کے کولابا موسمیاتی بیورو نے گذشتہ 24 گھنٹوں (جمعہ کی صبح 8 بجے سے صبح 8 بجے) میں 169 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، جبکہ اسی مدت میں سانتا کروز کے موسمیاتی شعبہ نے157 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی ۔ رتناگری میں 69.3 ملی میٹر، اور ہرنئی میں 165.2 ملی میٹر بارش درج کی گئی ۔ممبئی کے مضافاتی علاقے ولے پارلے ، اندھیری ، ماٹونگا ، کنگ سرکل ، انٹوپ ہل ، باندرا اور مالاڈ میں بارش ہو رہی ہے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز ممبئی کے شہر اور نواحی علاقوں میں بار ش کا پانی بھر گیا۔ ان میں دادر ، ما ٹونگا ، ورلی ناکا ، لال باغ ، کنگز سرکل ، کرلہ ، اندھیری سمیت متعدد علاقے شامل تھے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز پال گھر ، ممبئی ، تھانہ اور رائے گڑھ اور رتناگری میں متعدد مقامات پر موسلا دھار بارش کے قوی امکانات ہیں۔

You might also like