Baseerat Online News Portal

ایک دن پہلے ہی آئی پی ایس امیتابھ ٹھاکرنے وکاس دوبے کے انکاؤنٹرکاخدشہ ظاہرکیاتھا

ممبئی: 10؍جولائی(بی این ایس؍ایجنسی)اترپردیش کے بدنام زمانہ جرائم پیشہ وکاس دوبے جسے آج صبح پولس نے ایک انکاؤنٹرمیں مارگرایاہے اس کے بارے میں آئی پی ایس امیتابھ ٹھاکرنے ایک دن پہلے خدشہ ظاہرکیاتھاکہ وکاس دوبے کوانکاؤنٹرمیں مارگرایاجائے گااورآج ایساہی ہوا۔اترپردیش کے1992 کیڈر کےآئی پی ایس امیتابھ ٹھاکرکاایک ٹوئیٹ وائرل ہواہے جوانہوں نے 9؍جولائی کواس وقت کیاتھاجب وکاس دوبے نے اجین کے مہاکال مندرمیں خودسپردگی کی تھی۔اپنے ٹوئیٹ میں امیتابھ ٹھاکرنے لکھاتھاکہ ’’وکاس دوبے نے خودسپردگی کی ہے۔ہوسکتاہے کہ کل وہ یوپی پولس کی حراست سے بھاگنے کی کوشش کرے ،ماراجائے۔اس طرح وکاس دوبے چیپٹربندہوجائے گا۔لیکن میری نگاہ میں اصل ضرورت اس حادثے سے سامنے آئی یوپی پولس کے اندرکی گندگی کوایمانداری سے دیکھتے ہوئے غیرجانبدارانہ اورسخت کارروائی کرناہے۔
امیتابھ ٹھاکرکے اس ٹوئیٹ کوری ٹوئیٹ کرنے والے لگاتارپولس پرسوالیہ نشان لگارہے ہیں۔
اس سے ٹھیک پہلے امیتابھ ٹھاکرنے ٹوئیٹ کیاتھا کہ ’’ہم وکاس دوبے کوگرفتارنہیں کرپائے اوروہ اجین میں سرینڈرکرگیا۔اتنے بڑے حادثے کے بعدبھی ہم اسے گرفتارنہیں کرسکے،اوروہ کئی مقامات پرگھومتا ہوا اجین تک پہونچ گیا،مجھے لگتاہے کہ اس معاملے کی بھی گہرائی سے جانچ ہونی چاہئے۔
آج صبح جب وکاس دوبے کے انکاؤنٹرکی خبرعام ہوئی اس کے بعدامیتابھ ٹھاکرنے ایک اورٹوئیٹ کرتے ہوئے پولس سے سوال کیاہے کہ اتنی جلدبازی کیاتھی؟انہوں نے آج کے ٹوئیٹ میں لکھاکہ اتنی ہڑبڑی کیاتھی؟کسے بچایاجارہاہے؟

You might also like