Baseerat Online News Portal

وکاس دوبے کی کالی کمائی کا انٹرنیشنل کنیکشن، دبئی سے تھائی لینڈ تک سرمایہ کاری

نئی دہلی ،11 ؍جولائی (بی این ایس )
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے وکاس دوبے کی جائیداد کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ ای ڈی نے اتر پردیش پولیس سے وکاس دوبے کی جائیداد کی فہرست طلب کی ہے۔ لکھنؤ میں وکاس دوبے کے نام سے دو بڑے مکان ہیں۔ وکاس دوبے نے اپنے فنانسئر اور انتہائی قابل اعتماد جئے باجپئی کے توسط سے اپنی کالی کمائی کا کچھ حصہ دبئی اور تھائی لینڈ میں سرمایہ کاری کی تھی۔پولیس کو موصولہ اطلاع کے مطابق وکاس دوبے نے نوٹ بندی سے قبل تقریبا 6.30 کروڑ روپئے کی رقم کو 2فیصد سود پر چلایا تھا۔ بتایا جارہا ہے کہ جئے باجپئی نے اس دو فیصد کو 5فیصد کی رعایت پر مارکیٹ میں دے رکھا تھا۔ وکاس دوبے کی اہلیہ رچا دوبے سے پولیس نے متعدد معاملات میں پوچھ گچھ کی ہے اور خاص طور پر سیاستدانوں اور تاجروں سے تعلقات کے حوالے سے بھی ان سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ای ڈی نے یو پی پولیس سے وکاس دوبے، اس کے اہل خانہ اور جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ساتھیوں کی بھی تفصیلات طلب کی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے وکاس دوبے کے خلاف مجرمانہ مقدمات کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بھی معلومات طلب کی ہے۔انکاؤنٹر سے قبل کانپور میں مقامی انتظامیہ نے وکاس دوبے کے قلعے جیسے مکان کو اسی جے سی بی سے مٹی میں ملایا تھا جو پولیس ٹیم کو گھیرے میں لینے کے لئے استعمال کی گئی تھی ۔ پھراس کی کاریں جے سی بی کے نیچے کچل دی گئیں۔ لکھنؤ میں اس کا ایک مکان ہے، اب اسے بھی منہدم کرنے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔

You might also like