Baseerat Online News Portal

شرد پوار نے چین کوپاکستان سے بڑا خطرہ بتایا،فوٹوکھینچانے کی بجائے سنجیدگی سے مسائل حل کرنے پرزور

ممبئی12جولائی(بی این ایس )
چین کے ساتھ موجودہ تناؤ کے درمیان این سی پی کے صدر شرد پوار نے کہاہے کہ چین پاکستان سے زیادہ ہندوستان کے لیے بڑاخطرہ ہے۔ سابق وزیر دفاع نے کہاہے کہ چین کی فوجی طاقت بھارت سے 10 گنازیادہ ہے اور اس نے ہندوستان کے پڑوسیوں کو اپنی طرف موڑلیاہے۔شرد پوار نے شیو سینا کے ترجمان سامناکودیئے گئے ایک انٹرویومیں کہاہے کہ مرکز کو بات چیت اور سفارتی چینلز کے ذریعہ چین پر بین الاقوامی دباؤ پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔شردپوار نے کہاہے کہ جب ہم دشمن کے بارے میں سوچتے ہیں تو پاکستان کا پہلا نام ہمارے ذہن میں آتا ہے ، لیکن ہمیں پاکستان کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر طویل عرصے میں دیکھا جائے تو چین کے پاس طاقت ، سوچ اور پروگرام ہے کہ وہ ہندوستان کے مفادات کے خلاف اقدامات کرے۔ چین ہندوستان کے لیے بہت بڑا دشمن ہے۔شردپوارنے کہاہے کہ چین بھارت کے لیے حقیقی خطرہ ہے جومعاشی طورپرمضبوط ہے۔ چینی صدر شی جنپنگ کے دورہ ہندوستان کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ دوستی کی تصاویر کھینچ کر آپ دونوں ممالک کے مابین مسائل حل نہیں کرسکتے ہیں۔لداخ کی وادی گلوان میں چینی اور ہندوستانی افواج کے مابین تصادم پر شرد پوارنے کہاہے کہ جب میں کہتا ہوں کہ اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے تواس کی وجہ یہ ہے کہ ہم ان پرحملہ کرسکتے ہیں لیکن جب اگر اس حملے پر جوابی کارروائی کی گئی توپورے ملک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

You might also like