Baseerat Online News Portal

بہار میں این ڈی اے کو متحد رکھنے کی کوششیں تیز، ریاستی بی جے پی صدر سنجے جیسوال نے کہا ، مل کر لڑیں گے انتخابات

پٹنہ،12جولائی(بی این ایس )
بہار این ڈی اے میں جاری گھمسان کو ختم کرنے کے لئے پہل شروع ہوگئی۔ بہار ریاستی بی جے پی کے صدر ڈاکٹر سنجے جیسوال نے کہا ہے کہ بہار میں این ڈی اے متحد ہے اور اتحاد میں شامل تینوں شراکت دار مل کر انتخابات لڑیں گے۔سنجے جیسوال کا بیان اس لئے اہم ہے کہ کل بہار کے نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی نے ایل جے پی کی طرف سے انتخابات ملتوی کرنے کی مانگ پرطنزکرتے ہوئے کہاکہ کچھ جماعتیں کمزور طالب علم کی طرح شکست کے خوف سے امتحان ملتوی کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ٹویٹ کے بعد ایل جے پی لیڈران نے بی جے پی لیڈران پر سخت اعتراض کیا تھا، جس کے بعد سشیل مودی نے ٹویٹ کو ہٹالیا اور اسے تبدیل کردیا۔ سشیل مودی کے ٹویٹ کے بعد سنجے جیسوال کے بیان کو بی جے پی کی نئی کوشش بتایا جارہا ہے۔ جیسوال نے اپنے ٹویٹ میں انتخابات کے اوقات کا ذکر کرتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ جب بھی انتخابات ہوں گے، این ڈی اے کی تینوں جماعتیں مل کر مقابلہ کریں گی۔ گرتے اعتمادپر قابو پانے اور اتحاد کو متحد رکھنے کی کوشش میں بی جے پی قائدین چراغ پاسوان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

You might also like