Baseerat Online News Portal

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ نے یوپی پاور ٹرانسمیشن کارپوریشن کے کنسلٹنسی پروجیکٹ کو مکمل کیا
علی گڑھ، 31؍جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ نے اترپردیش پاور ٹرانسمیشن کارپوریشن لمیٹیڈ کے ذریعہ دئے گئے کنسلٹنسی پروجیکٹ کے تحت ہردوا گنج تھرمل پاور اسٹیشن ، قاسم پور کے علی گڑھ- سکندرآباد لائن سرکٹ دوئم میں حال ہی نصب کئے گئے 400 کے وی کے ڈبل سرکٹ ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن لائن کا تکنیکی معائنہ مکمل کرلیا ہے۔
الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ کے چیئرمین اور پروجیکٹ کے پرنسپل انویسٹیگیٹر پروفیسر امتیاز اشرف نے کہاکہ مذکورہ کنسلٹنسی پروجیکٹ سے طلبہ و طالبات کے لئے کیس اسٹڈی تیار کرنے میں مدد ملے گی اور تجرباتی امور کوکیس اسٹڈی میں شامل کیا جاسکے گا۔
الیکٹریسٹی شعبہ کے ممبر انچارج اور معاون پرنسپل انویسٹیگیٹر ڈاکٹر محمد ریحان نے کہا کہ یہ تجربہ دیگر کنسلٹنسی پروجیکٹوں میں بھی کارآمد ثابت ہوگا اور شعبہ کے طلبہ و طالبات کو فائدہ پہنچے گا۔
٭٭٭٭٭٭
شعبۂ کامرس کی جانب سے آن لائن تدریس پر تربیتی پروگرام کا انعقاد
علی گڑھ، 31؍جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے شعبۂ کامرس کی جانب سے اساتذہ کو آن لائن تدریس کے رموز اور جدید ای-ٹیچنگ ٹکنالوجی سے متعارف کرانے کے لئے ایک فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام موڈل پلیٹ فارم پر ہوا جس میں شرکاء کو اوپن براڈ کاسٹ سافٹ ویئر، لوم، کوئز اور دیگر سافٹ ویئر کے بارے میں بتایا گیا۔
کوآرڈنیٹر پروفیسر ایم محسن خاں نے کہاکہ پروگرام کا مقصد اساتذہ کو تدریس میں استعمال ہونے والی نئی ٹکنالوجی سے واقف کرانا تھا کیونکہ اگلے سمسٹر میں آن لائن طریقہ سے درس و تدریس ہوگی۔
ڈین فیکلٹی آف کامرس پروفیسر عمران سلیم نے کہاکہ ہندوستانی اور غیرملکی اساتذہ کے لئے اسی طرح کے دو مزید پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ صدر شعبہ پروفیسر نواب علی خاں نے کہا کہ ریسرچ اسکالروں کے لئے بھی مستقبل میں اس طرح کا تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر شکیل احمد، املاک و اوقاف محکمہ کے ممبر انچارج مقرر
علی گڑھ، 31؍جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے شعبۂ قانون کے پروفیسر شکیل احمد کو آئندہ ایک سال کے لئے یونیورسٹی کے املاک واوقاف محکمہ کا ممبر انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو ویمنس پالی ٹیکنک کی جانب سے ویبینار کا اہتمام
علی گڑھ، 31؍جولائی: ویمنس پالی ٹیکنک، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی الومنائی افیئرس کمیٹی نے ایک ویبینار کا انعقاد کیا جس میں ویمنس پالی ٹیکنک کی تقریباً 84سابق طالبات شریک ہوئیں۔ ویمنس پالی ٹیکنک کے سیکریٹریل پریکٹس سیکشن کی جانب سے بھی ایک ویبینار ’ہندوستانی معیشت پر کووِڈ-19 کے اثرات‘ کے موضوع پر منعقد کیا گیا۔
الومنائی افیئرس کمیٹی کے ویبینار میں محترمہ حلیمہ سعدیہ (اسسٹنٹ پروفیسر، انٹیگرل یونیورسٹی، لکھنؤ) نے ’’کمپیوٹنگ ٹکنالوجی ، انجینئرنگ اور ریسرچ میں ابھرتے ہوئے رجحانات‘‘ موضوع پر خطاب کرتے ہوئے آرٹیفیشیئل انٹلی جنس، مشین لرننگ، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، انٹرنیٹ آف تھنگس سمیت آٹھ جدید ٹکنالوجیز اور تحقیقی رجحانات کا ذکر کیا۔ انھوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ روبوٹکس پروسیس آٹومیشن، ورچوئل ریئلٹی اور سائبر سیکورٹی کے شعبہ میں اپنا کیریئر بنائیں جو تیزی سے ابھرتے ہوئے شعبے ہیں اور اس میں الیکٹرانکس، کمپیوٹر اور آئی ٹی کے طلبہ و طالبات کے لئے بہت مواقع ہیں۔
ویمنس پالی ٹیکنک کی پرنسپل ڈاکٹر سلمیٰ شاہین نے کہا کہ اس طرح کے مزید ویبینار منعقد کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر شیبا کمال (رکن، الومنائی افیئرس کمیٹی) نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا ، جب کہ ڈاکٹر محمد اجمل کفیل (کوآرڈنیٹر) نے اظہار تشکر کیا۔
دوسری طرف ویمنس پالی ٹیکنک کے سیکریٹریل پریکٹس سیکشن کے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالعزیز این پی (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ اقتصادیات) نے کہاکہ کووِڈ-19 نے ملکی معیشت کو خاصا متاثر کیا ہے ، حالانکہ تمام چیلنجز کے باوجود ہندوستانی معیشت دنیا کی دیگر معیشتوں سے بہتر رہے گی اور مسائل پر قابو پالیا جائے گا، کیونکہ ہندوستانی معیشت عالمی تجارت پر بہت زیادہ منحصر نہیں ہے۔
پرنسپل ڈاکٹر سلمیٰ شاہین نے کہاکہ ہندوستانی معیشت کو درپیش مسائل سے نپٹنے کے لئے حکومت متعدد اقدامات کررہی ہے۔
ویبینار کی معاون کنوینر ڈاکٹر شیبا منظور نے ریسورس پرسن کا تعارف کرایا، جب کہ آصفہ عشرت (کوآرڈنیٹر) نے پروگرام کی نظامت کی۔ عامر خاں (آرگنائزنگ سکریٹری) نے اظہار تشکر کیا۔ اس ویبینار میں تقریباً 77 طالبات اور 12؍اساتذہ شریک ہوئے۔
٭٭٭٭٭٭
چار اقامتی ہالوں میں نئے پرووسٹ مقرر
علی گڑھ، 31؍جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے چار اقامتی ہالوں میں آئندہ دو برس کے لئے نئے پرووسٹ مقرر کئے گئے ہیں۔
پروفیسر محمدعلی جوہر (شعبۂ اردو) کو محسن الملک ہال، پروفیسر شاہین (شعبۂ امراض خواتین و زچگی) کو سروجنی نائیڈو ہال، پروفیسر امجد مسعود (شعبۂ سول انجینئرنگ) کو ندیم ترین ہال اور پروفیسر بِرج بھوشن سنگھ (فزیکل و اسپورٹس ایجوکیشن شعبہ) کو نان ریزیڈنٹ اسٹوڈنٹس سنٹر کا پرووسٹ مقرر کیا گیا ہے۔

You might also like