Baseerat Online News Portal

سمری میں اسلحہ اور زندہ کارتوس کے ساتھ 3 جرائم پیشہ گرفتار ،لوٹی گئی بائک برآمد

سمری میں اسلحہ اور زندہ کارتوس کے ساتھ 3 جرائم پیشہ گرفتار ،لوٹی گئی بائک برآمد

دربھنگہ ۔ محمد رفیع ساگر ۔۔ سمری تھانہ کی پولیس نے بائک لوٹ 20/150 میں کارروائی کرتے ہوئے 3 لٹیروں کو گرفتار کر اس کے پاس سے لوٹی گئی بائک 2 اسلحے ،2 زندہ کارتوس ،1 کھوکھا اور 6 موبائل برآمد کیا ہے۔گرفتار ہونے والوں میں کمتول تھانہ کے برہم پور باشندہ کاری ٹھاکر عرف اشوک ٹھاکر کا لڑکا نند لال ٹھاکر ،سنگھواڑہ تھانہ کے سنہہ پور باشندہ رامیشور بھگت کا لڑکا جئے شنکر اور اسی تھانہ کے بڈھیابن سنہ پور باشندہ مظفر عالم کا لڑکا عامر ظفر شامل ہے۔ہفتہ کی شام سٹی ایس پی یوگیندر کمار نے بائک لوٹ معاملے کا انکشاف کرتے ہوئے میڈیا کے اہلکاروں کو بتایا کہ 2 اگست کی رات 8 بجکر 20 منٹ پر دربھنگہ مظفرپور قومی شاہراہ پر سمری تھانہ کے کنسی چوک کے پاس سے 6 جرائم پیشوں نے بیٹھولی سے تعاقب کر لہیریاسرائے تھانہ کے پروفیسر کالونی ،بنگالی ٹولہ باشندہ سنیل کمار سنگھ کے لڑکے آشوتوش کمار کو گولی مار کر اس کی بائک اور گلے سے سونے کا چین اور انگوٹھی چھین کر فرار ہوگئے تھے۔اس ضمن میں سمری تھانہ میں آئین کی دفعات 395 اور 397 کے تحت ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔اس معاملے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سمری تھانہ صدر ہری کشور یادو نے پولیس ٹیم کے ساتھ چھاپہ ماری کر لوٹ کی واردات میں شامل کمتول تھانہ کے برہم پور باشندہ نند لال ٹھاکر کی گرفتاری عمل میں لائی ۔اس کے پاس سے لوٹی گئی بائک کی چابھی ،1 دیسی کٹہ ،2 زندہ کارتوس ،2 موبائل 1 سم کے ساتھ برآمد ہوا۔اس سے پوچھ گچھ کے بعد اس کی نشاندہی پر لوٹی گئی بائک کو کمتول تھانہ کے رتن پور گاوں کے منوج ٹھاکر کے لڑکے بال کرشن بھاردواج کے گھر سے برآمد کی گئی۔گرفتار جرائم پیشہ جئے شنکر کے گھر سے واردات میں استعمال ہوئی پستول ،1 کارتوس کا کھوکھا ،2 موبائل سم کے ساتھ برآمد ہوا ۔دونوں سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر سنگھواڑہ تھانہ کے بڈھیابن سنہ پور سے عامر ظفر کو گرفتار کیا گیا جس کے پاس سے 2 موبائل فون سم کے ساتھ برآمد ہوا۔سٹی ایس پی نے بتایا کہ اس واردات میں شامل دیگر فرار جرائم پیشوں کی گرفتاری کے لئے ٹیم ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار جرائم پیشوں کے پاس سے ضبط پستول ،دیسی کٹہ اور زندہ کارتوس کے بارے میں ضروری پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔سٹی ایس پی مسٹر یوگیندر کمار نے بتایا کہ گرفتار نند لال ٹھاکر کے خلاف جالے تھانہ میں آرمس ایکٹ کا معاملہ 19/66 درج پایا گیا ہے ۔دیگر کا مجرمانہ رکارڈ کھنگالا جا رہا ہے۔

You might also like