Baseerat Online News Portal

کشیدگی سے متاثرہ پاکٹولہ میں امن بحال ،9 افراد گرفتار  جالے پولیس نے بھی مسافروں کے ساتھ مارپیٹ میں 2 شرپسندوں کو کیاگرفتار ،متاثرہ علاقوں میں پولیس کی نقل و حرکت جاری

کشیدگی سے متاثرہ پاکٹولہ میں امن بحال ،9 افراد گرفتار

جالے پولیس نے بھی مسافروں کے ساتھ مارپیٹ میں 2 شرپسندوں کو کیاگرفتار ،متاثرہ علاقوں میں پولیس کی نقل و حرکت جاری

رفیع ساگر /بی این ایس

14 اگست 2020
دربھنگہ ۔ محمد رفیع ساگر / جالے تھانہ کے سرحدی علاقہ سیتامڑھی ضلع کے نان پور تھانہ کے پاکٹولہ گاوں میں جمعرات کی شام جنم اشٹھمی مورتی وسرجن جلوس میں شامل شرپسندوں کے ذریعہ پاکٹولہ مسجد پر حملہ کے بعد ہوئی فرقہ وارانہ جھڑپ معاملے میں جہاں نان پور تھانہ کی پولیس نے دونوں فرقوں سے 9 افراد کو گرفتار کیا ہے وہیں جالے تھانہ کی پولیس نے بھیڑ میں شامل شرپسندوں کے ذریعہ مہدئی چوک پر ایک آٹو کو روک کر اس پر سوار دوگھرا گاوں کے سمیع احمد ، مولانا ذکی احمد اور اس کے گھر کے لوگوں کی مبینہ پٹائی اور نظم و نسق بگاڑنے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کیا ہے۔جالےتھانہ صدر دلیپ کمار پاٹھک نے جمعہ کی شام 2 گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ

مقامی تھانہ کے مہدئی چوک کے قریب جمعرات کی شام پاکٹولہ میں ہوئے فرقہ وارانہ جھڑپ میں شامل شرپسندوں نے تھانہ علاقہ کے مہدئی چوک پر مسافروں کے ساتھ مارپیٹ کی تھی ۔اس معاملے میں راکیش کمار اور راجہ کمار داس نامی 2 شخص کو گرفتار کر عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں زخمی دوگھرا گاوں کے سمیع احمد کی تحریر پرآئین کی دفعات 147/148/149/341/323/307/504/506/153/153(a)/295(a) کے تحت ایف آئی آر 20/120 درج کر کے تحقیقات کی ذمہ داری اے ایس آئی سلیم رضا کو سونپی گئی ہے۔غور طلب ہوکہ سرحدی علاقہ میں فرقہ وارانہ جھڑپ میں شامل شرپسندوں کے ذریعہ جالے تھانہ علاقہ میں مسافروں کے ساتھ مارپیٹ کی خبر ملتے ہی سٹی ایس پی یوگیندر کمار نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے موقع پر کثیرتعداد میں پولیس کی تعیناتی کردی تھی۔دیر رات تک ایس ڈی پی او انوج کمار ،ایس ڈی او صدر ،کمتول انسپکٹر بسنت کمار جھا اور جالے تھانہ صدر دلیپ کمار پاٹھک متاثرہ علاقوں میں خیمہ زن رہے۔ادھر کشیدگی سے متاثرہ پاکٹولہ گاوں میں پولیس کے وسیع تر بندوبست کے بیچ جمعہ کی نماز ادا کی گئی۔اس دوران پوپری کے ایس ڈی پی او اور ایس ڈی او بھی لگاتار گاوں میں موجودرہکر عوامی نمائندگان اورعلاقہ کے سرکردہ شخصیات کے ساتھ میٹنگ کر امن و امان کی بحالی اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے لائحہ عمل تیار کیا۔

You might also like