Baseerat Online News Portal

دہلی: لاک ڈاؤن میں سائیکل چوری کے معاملے میں اضافہ، دو چوروں سے 13 سائیکلیں برآمد

نئی دہلی،16؍ستمبر(بی این ایس )
لاک ڈاؤن کے بعد لوگ کورونا کے خوف کی وجہ سے اپنے آپ کو صحتمند رکھنے کے لئے پارکوں میں پسینہ بہارہے ہیں، اس لیے بڑی تعداد میں لوگ سائیکلنگ بھی کر رہے ہیں، سائیکلوں کی فروخت میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ لوگ روزانہ مہنگی سائیکلیں خرید رہے ہیں اور سائیکل سے کئی کلو میٹر کا سفر کر رہے ہیں۔ ادھر سڑکوں پر سائیکلوں کا سیلاب دیکھ کر چور بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔ دہلی پولیس نے 2 سائیکل چوروں کو پکڑ لیا ہے۔ ان کے پاس سے 13 مہنگی سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔جنوبی دہلی کے ڈی سی پی اتل ٹھاکر کے مطابق حوض خاص کے علاقے سے گذشتہ کچھ دنوں سے مہنگی سائیکلیں چوری کی جارہی تھیں۔ ایک ٹیم تشکیل دے کرجانچ شروع کی گئی اور تمام مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد ملزمان کا سراغ مل گیا اور آخر کار روہت اور کمل نامی دو لڑکے جو جوالاپوری میں رہتے ہیں، پکڑے گئے اور ان سے چوری کی گئی13 قیمتی سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ ملزم نے کہا کہ سائیکل چوری کرنا آسان ہے اور اس میں زیادہ خطرہ نہیں ہے۔ ابھی سائیکلیں بڑی آسانی سے مل رہی تھیں۔ چوری کرنے کے بعد سائیکلوں کو کسی کباڑی میںبیچ دیتے تھے جس کی پولیس تلاش کر رہی ہے۔

You might also like