Baseerat Online News Portal

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

پروفیسر محمد ظہیر کا انتقال
علی گڑھ، 16؍ستمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے فیکلٹی آف میڈیسن کے سابق ڈین و پرنسپل اور سی ایم ایس اور کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے سابق چیئرمین پروفیسر محمد ظہیر کا مختصر علالت کے بعد آج 87سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔
وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ’’پروفیسر ظہیر میرے استاد تھے اور ان کا انتقال میرا ذاتی نقصان ہے‘‘۔ انھوں نے کہاکہ اے ایم یو برادری پروفیسر ظہیر کے ناگہانی وفات پر آزردہ خاطر ہے، جو استاذ الاساتذہ تھے اور انھوں نے پوری ایک نسل کو پڑھایا اور ان کی تربیت کی تھی۔ اللہ تبارک و تعالیٰ انھیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔
مرحوم کے بیٹے پروفیسر محمد شعیب ظہیر (شعبۂ کمیونٹی میڈیسن) نے بتایا کہ پروفیسر طارق منصور اہل خانہ سے تعزیت کے لئے رہائش گاہ پر آئے۔
میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد علی صدیقی نے کہاکہ پروفیسر ظہیر تاعمر یونیورسٹی سے وابستہ رہے اور سبکدوش ہونے کے بعد بھی وہ طلبہ کی رہنمائی اور سرپرستی کرتے رہے۔
کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے کارگزار چیئرمین پروفیسر نجم خلیق نے کہا کہ پروفیسر ظہیر کے طلبہ ایک مشفق استاد کے طور پر ان کا احترام کرتے ہیں ۔ انھوں نے اپنے علم اور تجربہ سے نسلوں کی تربیت کی۔
پروفیسر محمد ظہیر نے اے ایم یو میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ کارگزار وائس چانسلر، فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین، جے این میڈیکل کالج اسپتال کے پرنسپل و سی ایم ایس اور پانچ بار کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے چیئرمین رہے۔ وہ 1964 میں بطور ریڈر جے این میڈیکل کالج سے وابستہ ہوئے تھے اور 1969 میں پروفیسر مقرر ہوئے۔ وہ جون 1994 میں یونیورسٹی خدمات سے سبکدوش ہوئے تھے۔ ان کی تدفین یونیورسٹی قبرستان میں عمل میں آئی۔
٭٭٭٭٭٭
انڈسٹریل کیمسٹری کے تین طلبہ ملازمت کے لئے منتخب
علی گڑھ، 16؍ستمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے کیمسٹری شعبہ میں انڈسٹریل کیمسٹری کے تین طلبہ کو ملٹی نیشنل کمپنی اُفلیکس (نوئیڈا )نے ملازمت دی ہے۔ ان طلبہ کے نام ہیں پرفُل بنسل ، کلدیپ شرما اور شِکھر۔
صدر شعبہ پروفیسر سرتاج تبسم نے اِن طلبہ کو ان کی حصولیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے طلبہ ملازمتوں میں مسلسل منتخب ہورہے ہیں اورمزید اعلیٰ تعلیم کے لئے ممتاز غیرملکی یونیورسٹیوں سے بھی وابستہ ہورہے ہیں جو شعبہ کے لئے فخر و مسرت کی بات ہے۔
انڈسٹریل کیمسٹری کے کوآرڈنیٹر پروفیسر انیس احمد اور اے سی ایس انٹرنیشنل چیپٹر کے فیکلٹی ایڈوائزر ڈاکٹر محمد زین خاں نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اس سے دیگر طلبہ کو بھی ترغیب ملے گی۔ ڈاکٹر محمد زین خاں نے بتایا کہ یہ سبھی طلبہ اے سی ایس اسٹوڈنٹ چیپٹر کے رکن تھے اور مختلف علمی و ثقافتی سرگرمیوں میں شامل رہتے تھے۔

You might also like