Baseerat Online News Portal

محترمہ نیلوفر نازکاانتقال اردو صحافت کا بڑا نقصان

سینئر صحافی وسیم الحق کی اہلیہ کے انتقال پر دیوبند میں تعزیتی نشست کااہتمام
دیوبند،16؍ ستمبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
دہلی اور کلکتہ سے تعلق رکھنے والے مشہور صحافی وسیم الحق کی اہلیہ محترمہ نیلوفرناز کے سانحہ ارتحال پر دیو بند کے صحافیوں نے اظہار غم کیا۔ اس سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند کے چوک پر واقع ’دیوبندنیوز نیٹ ورک‘ میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد کی گئی جس میں پریس ایسو سی ایشن دیوبند کے ذمہ داران ،صحافیوں وادبی شخصیات نے شرکت کی۔ عیدگاہ وقف کمیٹی کے سکریٹری مولوی محمد انس صدیقی نے محترمہ نیلو فرصاحبہ کی وفات پر اظہار رنج وغم کرتے ہوئے کہا کہ سینئر صحافی وسیم الحق جس طرح ناگفتہ بہ حالات کے کے باوجود اردو زبان وادب کی خدمات انجام دے رہے ہیں اس عظیم کا م میں ان کی شریک حیات محترمہ نیلو فرنے جس احسن طریقہ سے ان کی معاونت کی وہ نہایت قابل ستائش کار نامہ ہے، لیکن محترمہ نیلو فر کاسانحہ ارتحال اردو صحافت کے لئے گہراصدمہ ہے ، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اعلیٰ علیین میں جگہ عطافرمائے اورپسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے، آمین۔ نامہ نگار فہیم صدیقی نے محترمہ نیلو فر کی وفات پر صدمہ کااظہارکرتے ہوئے وسیم الحق اور جملہ پسماندگان سے اظہار تعزیت کیااور کہا کہ مرحومہ شریک حیات ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے شوہر کی معاون کی حیثیت سے اخبار کی اشاعت اورادارت میں زبردست تعاون پیش کیا ، اللہ تعالیٰ انھیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ ترین مقام عطافرمائے۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ اورمعروف ادیب وقلمکار مولانا نسیم اختر شاہ قیصر نے محترمہ نیلو فرناز صاحبہ کے انتقال کو اردو صحافت کا بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہاکہ محترمہ نے اپنی زندگی میں علمی، ادبی اورصحافتی دنیا سے وابستہ ہوکر اردو کے فروغ کے لئے جو کاوشیں انجام دیں اللہ تعالیٰ انھیں قبول فرمائے اورمرحومہ کو اجرعظیم سے نوازے۔ اس کے علاوہ عارف عثمانی،رضوان سلمانی، سمیر چودھری، اشرف عثمانی سمیت پریس ایسو سی ایشن کے صدر منوج سنگھل، نائب صدر اطہر عثمانی، مشرف عثمانی، معین صدیقی ،فہیم عثمانی،نوشاد عثمانی ،ایم افسر اور ماسٹر ممتاز نے بھی مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کیا اورپسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔

You might also like