Baseerat Online News Portal

یوپی: کورونااسپتالوں میںکھانے پینے تک کی سہولیات نہیں،ڈی ایم سے مریضوں نے کہا، ہم بھیک نہیں مانگ رہے ہیں

بلندشہر،16؍ستمبر( بی این ایس )
اترپردیش کے کئی کووڈ اسپتالوں میں افراتفری کی خبریں مسلسل آرہی ہیں۔ کھانے پینے کے لیے مریضوں کو انتظامیہ کے اس سسٹم سے کس طرح مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب بلندشہر کے ضلعی مجسٹریٹ رویندر کمار ایک اسپتال کے دورے پر پہنچے۔ یہاں مریضوں نے انہیں بتایا کہ کیسے انہیں کھانے پینے تک کے لیے صحیح طریقے سے سہولیات نہیں مل رہی ہیں۔دراصل ڈی ایم رویندر کمار خورجا کے ایس ایس ایم جے اسپتال کا معائنہ کرنے آئے تھے۔ یہاں ایل ون اسپتال ہے، جہاں کووڈ کے بغیر علامات والے مریض رکھے جارہے ہیں۔ اس دوران مریضوں نے انہیںاپنا غم بتایا۔ جبکہ کچھ مریضوں نے کھانے کے معیار پر سوال اٹھائے، کچھ نے یہ بھی کہا کہ انہیں بھکاریوں کی طرح محسوس کرایا جارہا ہے۔ مریضوں نے بتایا کہ انہیں ناشتہ وغیرہ پولی تھین میں دیا جاتا ہے اور کھانے کا معیار بہت خراب ہوتا ہے۔ایک مریض نے ڈی ایم سے کہاکہ میں نے کسی سے دودھ مانگا تو اس نے کہا کیا شورکررہے ہو؟ تو میں نے کہا کہ کوئی شور نہیں کررہاہوں، اپنے بچے کے لئے دودھ مانگ رہاہوں، بھیک نہیں مانگ رہا ہوں۔ ہم اچھے خاندان سے ہیں۔ ہم ایک دو دن میں یہاں سے روانہ ہوجائیںگے ، لیکن ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ آپ یہاں کے کھانے کا نظام بہتر بنائیں۔

You might also like