Baseerat Online News Portal

نوئیڈا:صفائی ملازمین کی دھمکی، مطالبات نہیں مانے گئے تو اسلام قبول کریں گے

نوئیڈا16ستمبر(بی این ایس )
نوئیڈامیں پچھلے کئی دنوں سے ہڑتال پر بیٹھے سیکڑوں صفائی ملازمین نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے کی وجہ سے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نوئیڈا اتھارٹی میں کام کرنے والے صفائی ملازمین جوگذشتہ کئی روزسے مختلف مطالبات کے لیے ہڑتال پرہیں ،نے سیکٹر 6 میں واقع نوئیڈا اتھارٹی کے دفتر کا محاصرہ کرتے ہوئے آج شدیداحتجاج کیا۔اس دوران معاہدے پر کام کرنے والے تمام کنٹریکٹ ورکرز نے اگلے یکم اکتوبر کو اسلام قبول کرنے کااعلان کیاہے اور مطالبے کی تکمیل کاسخت مطالبہ کیاہے ۔ملازمین کاکہنا ہے کہ اگر ان کا استحصال بند نہ کیا گیا اور ان کا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو وہ یکم اکتوبر کو اسلام قبول کریں گے ۔آل انڈیا لیبر فیڈریشن کے ضلعی جنرل وزیر ستویر مککوانا نے بتایاہے کہ نوئیڈااتھارٹی میں لگ بھگ5000صفائی ملازمین گذشتہ 30 سالوں سے اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔ ایک طرف ملک کے وزیر اعظم نریندرمودی والیمکی معاشرے کا احترام کرتے ہیں ، نوئیڈا میں والمیکی معاشرے کے لوگوں کاپورا استحصال کیاجارہاہے۔ستویر نے الزام لگایا ہے کہ نوئیڈا اتھارٹی میں کام کرنے والے ملازمین کے مطالبات پورے نہیں کیے جارہے ہیں اوراتھارٹی کے حکام ان کامختلف طریقوں سے استحصال کررہے ہیں۔ جھاڑودینے والے ایک عرصے سے نوئیڈااتھارٹی سے اجرت میں اضافے ، پی ایف جیسی بنیادی سہولیات اورمستقل معاہدہ کی تعیناتی کامطالبہ کر رہے ہیں۔

You might also like