Baseerat Online News Portal

زرعی اصلاحات بل کسانوں کو خودکفیل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا:امت شاہ

نئی دہلی، 18 ستمبر (بی این ایس )
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کے روز لوک سبھا میں منظور شدہ اصلاحات بلوں کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بل کسانوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے اور انھیں خودکفیل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ٹویٹس کی ایک سیریز میں انہوں نے لوک سبھا سے کسانوں کی پیداوار تجارت (فروغ اور آسانیاں) بل 2020 اور زرعی خدمات سے متعلق کسانوں (خودکفیل اور تحفظ) بل کی ضمانت اور معاہدوں کے بل کی منظوری پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے محنتی کسان ملک کی خوشحالی اور آسانی کے داعی ہیں، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ مودی سرکار کی شکل میں پہلی بار حکومت کسانوں کے بااختیار بنانے کے لئے دن رات کام کررہی ہے اور کل لوک سبھا میں منظور شدہ تاریخی زرعی اصلاحاتی بل اس سمت کا ایک بے مثال قدم ہے اور زرعی شعبے کو مستحکم کریں گے اور ان کو بچولیوں اور دیگر مسائل سے پاک کریں گے۔ ان بلوں سے کسانوں کو اپنی پیداوار کو بیچنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے جس سے ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی اور اہم زرعی اصلاحات کسانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے اور انہیں خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی،میں ان بلوں کی منظوری کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ملک کے کچھ حصوں خصوصا زراعت پر مبنی پنجاب اور ہریانہ جیسی ریاستوں میں بھی ان بلوں کے خلاف لوگ مظاہرہ کر رہے ہیں۔

You might also like