Baseerat Online News Portal

بہار انتخابات کی تاریخ:28 اکتوبر سے تین مرحلے میں ہوں گے اسمبلی انتخابات ،10 نومبر کو ہوگا نتائج کا اعلان

نئی دہلی،25؍ستمبر(بی این ایس )
بہار میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کورونا کے دوران انتخابات تین مراحل میں ہوں گے۔ پہلے مرحلے کے لئے انتخابات 28 اکتوبر 2020 کوہوںگے، دوسرا مرحلہ 3 نومبر اور تیسرا مرحلہ 7 نومبر کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قانون ساز اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 10 نومبر 2020 کو کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں 16 اضلاع کی 71 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں 17 اضلاع کی 94 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے اورتیسرے اور آخری مرحلے میں 15 اضلاع کی 78 نشستوں پر رائے دہندگان اپنے حق کا استعمال کرسکیں گے۔بہار کی بہت سی جماعتوں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ انتخابات کی تاریخوں کو کورونا مدت میں بڑھایا جانا چاہئے۔ چیف کمشنر سنیل اروڑا نے کہا کہ کورونا مدت کے دوران لوگوں کی صحت اور حفاظت کے لئے خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اس کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انتخاب کا شیڈول بناتے وقت اس کا خاص خیال رکھا جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا دور میں یہ نہ صرف ملک بلکہ دنیا کا پہلا بڑا انتخاب ہونے والا ہے۔ بہار میں 243 اسمبلی نشستیں ہیں۔ الیکشن میں ہم نے پولنگ بوتھ پر ووٹرز کی تعداد کو 1500 سے 1000 کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمشنر کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر ووٹنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نکسل سے متاثرہ علاقوں کو چھوڑ کر باقی علاقوں میں ووٹنگ کا وقت صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔

You might also like