Baseerat Online News Portal

تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمرنہیں ہوتی:75؍سالہ بزرگ سعودی کا تعلیم بالغاں کے شعبے میں داخلہ

 

آن لائن نیوزڈیسک

تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمرنہیں ہوتی ۔اس کہاوت کوسچ کردکھایاہے مکہ کے ایک 75؍سالہ بزرگ نے ،جنہوں نے ایسے عمرمیں تعلیم حاصل کرنے کے لئے مدرسہ میں داخلہ لیا ہے جس عمرمیں انسان گھرمیں بیٹھ کرموت کاانتظارکرتاہے۔مکہ مکرمہ  میں محکمہ تعلیم نےایک 75؍سالہ بزرگ سعودی شہری کو تعلیم بالغاں کے شعبے میں داخلہ دیا ہے۔محکمہ تعلیم مکہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد الزایدی سے اتوار کو صوبے کے معمر ترین طالب علم نے ملاقات کی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر احمد الزایدی نے اس موقع پر معمر ترین طالب علم سلیمان محمد الجیزانی کو اعزاز سے نوازا۔ انہیں عمر کے اس حصے میں علم کے حصول کے لیے سکول میں داخلہ لینے اور پابندی سے تعلیمی عمل جاری رکھنے پر سیلوٹ کیا۔

 الجیزانی کی عمر 75 برس ہے اور وہ کنگ عبداللہ سکول میں رات کی شفٹ میں ثانوی کا کورس کررہے ہیں۔

ڈاکٹر الزایدی نے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے پر الجیزانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیم بالغاں کا مشن انتہائی اہتمام سے چلا رہی ہے سعودی شہری عمر کے کسی بھی حصے میں ہوں اور تعلیم حاصل کرنا چاہیں انہیں سہولتیں مہیا ہوں گی۔ 

اس موقع پر سکول کے پرنسپل محمد الشہرانی بھی موجود تھے۔ 

You might also like