Baseerat Online News Portal

ڈاکٹر عبیداللہ بیگ ’آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس انٹرنیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی‘ کے صدر مقرر

نئی دہلی28ستمبر(بی این ایس )
آل انڈیایونانی طبّی کانگریس کے قومی صدر پروفیسر مشتاق احمد نے حسب تقاضہ مجلس عاملہ کی سفارش کی پر بنیاد پر ڈاکٹر عبیداللہ بیگ (چنئی) کو ’آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس انٹرنیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی‘ کا صدر مقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر عبیداللہ بیگ گزشتہ کئی برسوں سے درجنوں ممالک میں طب یونانی کی نمائندگی کرچکے ہیں اور عالمی سطح پر فروعِ طب میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے ان کے تقرر پر اظہار مسرت کے ساتھ کہا کہ ڈاکٹر عبیداللہ بیگ کی شناخت بحیثیت یونانی طبیب عالمی سطح پر تسلیم کی جاچکی ہے اور وہ مسلسل مفرد اور مرکب ادویات کے بارے میں عوام الناس کو استفادہ کی غرض سے روشناس کراتے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ’انٹرنیشنل یواین امبیسڈر فار پیس‘ کے لیے بھی نامزد ہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ وہ اپنی صلاحیت کی بنیاد پر بیرون ملک طب یونانی کی ترویج و ترقی کے لیے منصوبہ بند کام کریں گے۔ ڈاکٹر ایس ایم حسین (جنرل سکریٹری، گلوبل یونانی میڈیسن اینڈ ریسرچ فائونڈیشن، یوایس اے) نے ڈاکٹر عبیداللہ بیگ کے تقرر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طب یونانی صدیوں سے رائج عالمی سطح کا کامیاب طریقہ علاج ہے اور آج اس کی ضرورت عوام کو پہلے سے زیادہ ہے، اس لیے آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کا یہ فیصلہ انتہائی اہم ہے اور اس کے لیے اس کے ذمہ داران بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

You might also like