Baseerat Online News Portal

کویت :ملازمت کی عمروالے تمام شہریوں کوزندگی بھرسالانہ 50ہزارڈالردینے کامنصوبہ

 

آن لائن نیوزڈیسک

کویت کی حکومت ملازمت کی عمر والے اپنے تمام شہریوں کو زندگی بھر سالانہ 50 ہزار ڈالر دینے کا پروگرام بنا رہی ہے۔ 

کویتی جریدے القبس کے مطابق کویتی حکومت نے نئے پروگرام کا مسودہ تیار کیا ہے۔ اس کے تحت کویتی شہریوں کو دی جانے والی ہر طرح کی سبسڈی ختم کرکے اس کی جگہ سالانہ 50 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ دولت کی تقسیم کو زیادہ منصفانہ بنانے اور سبسڈی پر خرچ ہونے والی رقم بچانے کی غرض سےکیا گیا ہے۔ 

کویتی حکومت اس کی مدد سے قومی معیشت کی تنظیم نو کرسکے گی اور معاشی بحران کے بھنور سے نکل جائے گی۔ 

کویتی جریدے نے ملک میں قومی پالیسی کے مطالعات کی سپیشلسٹ ویب سائٹ ’کویت امپیکٹ‘ کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ جس کا عنوان ’کویت کی خاطر نئے افکار‘ ہے۔ یہ رپورٹ انویسٹمنٹ کنسلٹنٹ علی السلیم نے تیار کی ہے۔ 

کنسلٹنٹ کا کہنا ہے کہ دولت کی تقسیم پر نظرثانی کا حتمی نتیجہ مقامی شہریوں کو روزگار دینے سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کی صورت میں برآمد ہوگا۔ حکومت پر ملازمت فراہم کرنے کا بوجھ کم ہوگا۔ براہ راست اخراجات کا ضیاع محدود ہوجائے گا اور کویتی معیشت زیادہ پائدار ہوجائے گی۔ 

السلیم کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے باعث حکومت مقامی شہریوں کے لیے غیرضروری آسامیاں پیدا کرنے پر مجبور نہیں ہوگی۔ مشکل یہ ہے کہ ملک میں بیورو کریسی کی وجہ سے وزارتوں کا حجم بڑھ گیا ہے۔ ملازم حد سے زیادہ ہوگئے ہیں۔ موثر اور مفید حل یہی ہے کہ پٹرول کی آمدنی کی تقسیم کا سادہ طریقہ اپنایا جائے۔

You might also like