Baseerat Online News Portal

سی بی آئی کے سابق ڈائریکٹر اشونی کمار نے خودکشی کرلی

ممبئی:8؍اکتوبر(بی این ایس؍ایجنسی)
ناگالینڈ کے سابق گورنر اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے سابق ڈائریکٹر اشونی کمار نے شملہ میں واقع اپنی رہائش گاہ میں خودکشی کرلی۔ انہوں نے گلے میں پھندالگاکر خودکشی کرلی۔یہ اطلاع پولس نے دی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ان کی لاش شملہ میں واقع بریک ہاسٹ رہائش گاہ میں لٹکی ہوئی ملی ہے۔ سابق آئی پی ایس افسر نے یہ خوفناک اقدام کیوں اٹھایا اس بارے میںابھی تک کوئی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ اس وقت ایس پی شملہ موہت چاولا کی سربراہی میں پولیس ٹیم جائے وقوع پر موجود ہے اور معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔
پولیس نے موقع سے خودکشی نوٹ بھی برآمد کرلیا ہے۔ جس میں یہ لکھا گیا ہے کہ میں اپنی زندگی سے تنگ آ کر اگلے سفر پر جا رہا ہوں۔ ہر شخص خودکشی کے اس واقعہ سے حیران ہے۔
کمار 2008 میں اس وقت سی بی آئی کے ڈائریکٹر بنے جب ایجنسی آروشی تلوار قتل کیس کی تحقیقات کر رہی تھی۔ کمار نے وجئے شنکر کی جگہ سی بی آئی ڈائریکٹر کاعہدہ سنبھالاتھا۔ افسروں نے بتایا کہ کمار بعد میں ناگالینڈ کے گورنر بنے۔ کمار اس وقت شملہ میں ایک نجی یونیورسٹی کے چانسلر تھے۔ افسروں نے بتایا کہ 1973 بیچ کے آئی پی ایس آفیسر کمار کی لاش بدھ کی شام شملہ میں واقع ان کے گھر میںپھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔

You might also like