Baseerat Online News Portal

ہاتھرس سانحے کو فرقہ وارانہ رنگ دے رہی ہے حکومت: پی ایف آئی

ہاتھرس سانحہ میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کو بدنام کرنے کی سازش کے خلاف پونہ کلیکٹر آفس کے سامنے احتجاج
پونے: 9/ اکتوبر (پریس ریلیز) ہندوستان کی بدقسمتی ہے کہ آزادی کے بعد سے اب تک ملک کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دینے والی قوم مسلمانوں کو ہزاروں دنگوں کے ذریعے جہاں ایک طرف جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا، وہیں مسلمانوں کے خلاف مختلف سازشوں کے ذریعے انہیں بدنام اور کمزور بھی کیا جاتا رہا ہے۔
موجودہ حکومت اور گودی میڈیا کی کوشش بھی یہی رہتی ہے کہ حکومت کی ناکامی کو چھپانے کے لیے ہر معاملے کو مسلمانوں سے جوڑ کر اصل مدعوں سے توجہ ہٹا کر معاملے کو مذہبی منافرت کا رنگ دے دیا جاتا ہے اور تصویر کا رخ تبدیل کرکے ایک حد تک کامیابی حاصل کر لی جاتی ہے۔
ابھی حال ہی میں ”ہاتھرس سانحہ” میں بھی اصل معاملے سے توجہ ہٹانے کے لیے ایک مسلم ملی تنظیم ”پاپولر فرنٹ آف انڈیا” کو نشانہ بنا کر مسلمانوں کو بدنام کیا جا رہا ہے، یوں تو بھاجپا اور آر ایس ایس کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ PFI پر جھوٹے الزامات عائد کرکے تنظیم کو بدنام کیا جائے تاکہ اس پر پابندی لگائی جا سکے؛ لیکن حق تعالیٰ ہر دفعہ غیبی نصرت کرتے ہوئے تنظیم کو محفوظ کر لیتا ہے اور باعزت کرتا ہے اور مقبولیت کا ایک نیا پروان چڑھا دیتا ہے۔
ہاتھرس سانحہ میں بھی یوگی سرکار نے اپنی ناکامی چھپانے کے لیے PFI پر مختلف الزامات لگا کر 3 بیگناہ مسلمانوں کو UAPA کے تحت گرفتار کروایا ہے جس کے بعد 8 اکتوبر 2020 بروز جمعرات کو ملک کے مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ ”پونے” میں بھی کلیکٹر آفس کے سامنے احتجاج ہوا۔
احتجاج میں شہر کے سماجی، سیاسی، مختلف تنظیموں اور پارٹیوں کے اراکین نے حصہ لیا اور اپنے تاثرات میں کہا کہ یوگی سرکار نے اتر پردیش کو جنگل راج بنا رکھا ہے اور یوگی حکومت گودی میڈیا کے ذریعہ سازش رچ رہی ہے اور عوام میں یہ بات پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے کہ اس سانحہ کے پیچھے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کا ہاتھ ہے، جسکی حقیقت تو یہ ہے کہ یوگی سرکار اصل مجرموں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
احتجاج میں موجود سیاسی و سماجی کارکنان میں رضی احمد خان صدر پونہ پی ایف آئی، عبد القیوم شیخ نائب صدر پونہ پی ایف آئی، عبدالعزیز بنسل جنرل سکریٹری پونہ پی ایف آئی، عبدالکریم شیخ سیکرٹری پونہ پی ایف آئی، اسلم سید ایس ڈی پی آئی پونہ، سشما تائی اندھارے معروف سماجی کارکن، الیاس مومن وحدت اسلامی، مجیب پٹیل اور مولانا شاہ رخ جیسی اہم شخصیات کے نام قابل ذکر ہیں۔

You might also like