Baseerat Online News Portal

حکومت متاثرین کی حفاظت کی بجائے مجرموں کوبچارہی ہے:راہل گاندھی

نئی دہلی 12اکتوبر(بی این ایس )
کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے ایک بار پھرہاتھرس کے معاملے پر حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ خواتین کی حفاظت کے معاملے پر پیر کو کانگریس کے ذریعے ڈیجیٹل مہم چلائی گئی۔ اس کے تحت راہل گاندھی نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کیاہے۔ راہل نے الزام لگایاہے کہ یوپی حکومت مجرموں کو بچانے کے لیے کوشاں ہے۔راہل گاندھی نے اپنی ویڈیومیں کہاہے کہ کچھ عرصہ پہلے میں ہاتھرس گیاتھا ، جاتے ہوئے مجھے روکا گیا ، دوسری بار میں گیا۔ مجھے اس کنبہ سے ملنے سے کیوں روکا گیا ، ان کی بیٹی کے ساتھ عصمت دری کی گئی ، پھر اسے قتل کردیاگیا۔ جب میں نے متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے بات کی تو حکومت نے متاثرین پر حملہ کرنا شروع کردیا۔راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت کا کام مجرموں کی حفاظت کرنا نہیں ہے ، یوپی حکومت متاثرین کو انصاف نہیں دے رہی ہے۔ یوپی حکومت مجرموں کو جیل میں ڈالے۔ ایساملک کی لاکھوں خواتین کے ساتھ ہوتاہے۔راہل گاندھی نے کہاہے کہ ہمیں معاشرے کو بدلنا ہے اوروالدین کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ ناانصافی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر نے اس کے ساتھ اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ہاتھرس واقعے میں حکومت کا رویہ غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہے۔ وہ متاثرہ افراد کے اہل خانہ کی مدد کرنے کے بجائے مجرموں کی حفاظت کے لیے کوشاں ہے۔آئیں، ایک قدم کی تبدیلی کی طرف۔ پورے ملک میں خواتین کے ساتھ ہونے والے ناانصافی کے خلاف آوازاٹھائیں۔

You might also like