Baseerat Online News Portal

ویزوں کے اجرا کے بعد پاکستان اور افغانستان میں آمد و رفت بحال

آن لائن نیوزڈیسک
لگ بھگ سات ماہ کے تعطل کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ ویزوں کا اجرا اور آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس پر کاروباری افراد نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔کابل اور جلال آباد میں پاکستانی جب کہ اسلام آباد میں افغانستان کے سفارت خانے کے ذریعے ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ تاہم پشاور میں افغان قونصل خانے نے افغانستان جانے والے پاکستانی باشندوں کو ویزوں کا اجرا فی الحال شروع نہیں کیا۔کابل میں افغان باشندوں نے ٹیلی فون پربتایا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے نے پیر سے ویزے جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔ تاہم ویزوں کی یومیہ تعداد کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔دونوں ملکوں کے درمیان مصروف ترین گزرگاہ طورخم کے ذریعے پیر کو تقریباً 15 افغان باشندے پاکستان میں داخل ہوئے جن میں سے زیادہ تر مریض اور ان کے قریبی رشتہ دار تھے۔اسلام آباد میں افغانستان کے سفارت حانے کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ روزانہ صبح نو بجے سے گیارہ بجے تک ویزوں کے لیے درخواست فارم وصول کیے جاتے ہیں اور ویزا جاری ہونے میں پانچ سے دس دن تک لگ جاتے ہیں۔

You might also like