Baseerat Online News Portal

ریاض میں گلوبل جھارکھنڈ ویلفئیر ایسوسی ایشن کی اہم میٹنگ

 

ریاض سعودی عرب /بی این ایس
ریاض سعودی عرب میں گلوبل جھارکھنڈ ویلفئیر ایسوسی ایشن کی ایک اہم میٹنگ ڈاکٹر تنویر عالم کے دولت کدہ میں منعقد ہوئی جس میں ہندوستانی سفارت خانہ ریاض کے پولیٹیکل سیکریٹری محمد علی جوہر نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔
میٹنگ کا باضابطہ آغاز منصور قاسمی نے تلاوت کلام پاک سے کرنے کے بعد افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا :اخلاص نیت، باہمی اتحاد اورجذبہء احترام سے ہی کوئی کمیٹی اور ادارہ بحسن و خوبی چل سکتا ہے ، ہر انسان کے اندر الگ الگ صلاحیتیں ہوتی ہیں جن سے استفادہ کیا جانا چاہئے۔ ہندوستان ٹائمز کی سابق اوررعرب نیوز کی موجودہ کالم نگار شاہ زین ارم نے گلوبل جھاکھنڈ ویلفئیرایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا:ہم نے دیکھا کہ صوبہء جھارکھنڈ کی کوئی کمیٹی کوئی فاؤنڈیشن ریاض میں نہیں ہے جہاںمقیمین کے مسائل پر گفتگو کی جاتی ہو ،ان کے مسائل کے حل کے لئے ایمبیسی سے رابطہ کیا جاتا ہویااپنے صوبے کے حوالے سے فکر مند ی کا اظہار کیا جاتاہو اور معذور و مجبور کی مدد کی جاتی ہو اسی لئے یہ قدم اٹھانا پڑا۔ڈاکٹر تنویر عالم نے کہا:ہم نے نیک ارادے سے اس ویلفئیرایسوسی ایشن کو چلانے کا عہد کیا ہے، مجھے امید ہے کہ دامے درمے قدمے سخنے آپ سب ہماری مدد کریں گے ، انہوں نے حاضرین کا شکریہ بھی اداکیا ۔سفارت خانہ ہند ریاض سے تشریف لائے مہمان خصوصی محمد علی جوہر نے کہا :جھارکھنڈ ایک پسماندہ صوبہ کہا جاتا ہے جبکہ معدنیات سے مالا مال ہے مگر غیر فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ سعودی عرب میں مقیم رجسٹرڈ افراد کی تعداد ١٣٠٠٠ ہیں جبکہ ایک بڑی تعداد کا نام تک اندراج نہیںہے جو قابل فکر اور تشویس ناک بات ہے ،کوووڈ١٩ میں جھارکھنڈ کے ١٤ لوگوں کی موتیں ہوئیں ہیں ، انہوں نے جھارکھنڈ میں تعلیمی بیداری پر بھی زور دیا ۔
دیگرخطاب کرنے والوں میں سید عبدالودود ، عتیق عالم ، مختار انصاری ، شاہد خان رضی احمد اور جاوید احمد کے نام نمایاں ہیں ،۔ شرکاء میں صحافی عبدالباسط ، عبدالنعیم قیوم ، فیروز احمد، جمیل احمد ، غضنفر علی ، ڈاکٹر دلشاد ، ظہیر احمد بیگ کے علاوہ معززین کی ایک بڑی تعدادموجو دتھی۔
واضح رہے کہ گلوبل جھارکھنڈ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے روح واں ڈاکٹر تنویر عالم اور شاہ زین ارم ہیں ۔

You might also like