Baseerat Online News Portal

بہار انتخابات: وزیر اعظم مودی کریںگے 12 ریلیاں،تمام ریلیوں میں نتیش رہیں گے موجود

پٹنہ ،16 ؍اکتوبر(بی این ایس )
بہار اسمبلی انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی ایک درجن انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر نتیش کمار تمام انتخابی ریلیوں میں ان کے ساتھ اسٹیج پر نظرآئیں گے۔ دونوں رہنما پہلے مرحلے میں رائے شماری سے قبل 23 اکتوبر کو ساسارام میں مشترکہ انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ پہلے ہی دن وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بالترتیب گیا اور بھاگلپور میں دوسری اور تیسری ریلی سے خطاب کریں گے۔اس کے بعد وزیر اعظم 28 اکتوبر کو دوسری بار بہار میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرنے آئیں گے۔ اس دن وہ دربھنگہ میں پہلی ریلی کریںگے۔ اس کے بعد دو دیگر ریلیاں پٹنہ ضلع میں منعقد ہوں گی۔تیسری بار وزیر اعظم کے دورے میں تین ریلیاں ہوں گی۔ یکم نومبر کو وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ پہلے چھپرا پھر مشرقی چمپارن اور سمستی پور میں انتخابی اجلاسوں سے خطاب کریں گے۔چوتھی بار وزیر اعظم 3 نومبر کو ریلیوں سے خطاب کرنے آئیں گے۔ اس دن وہ مغربی چمپارن، سہرسہ اور ارریہ میں وزیر اعلی کے ہمراہ اجتماع سے خطاب کریں گے۔ بہار بی جے پی انچارج دیویندر فڑنویس نے اس بارے میں معلومات دی ہیں۔اس سے قبل بہار این ڈی اے کی طرف سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں نتیش حکومت کارپورٹ کارڈ جاری کیا گیا۔ پٹنہ کے ایک ہوٹل میں منعقدہ اس پروگرام میں بی جے پی اور جے ڈی یو کے علاوہ دو دیگر اتحادیوں (ایچ اے ایم اور وی آئی پی) کے رہنما بھی موجود تھے۔ بی جے پی کی جانب سے بی جے پی کے انتخابی انچارج دیویندر فڑنویس، مرکزی وزیر روی شنکر پرساد، وزیر منگل پانڈے اور جے ڈی یو وزیر سنجے جھا موجود تھے۔ اس موقع پر سنجے جھا نے کہا کہ نتیش جی نے سال 2005 میں کام شروع کیا تھا، لیکن آج بہار میں ترقی کی کہانی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔واضح رہے کہ کچھ دن پہلے ہی بی جے پی نے وزیر اعلی نتیش کمار سے وزیر اعظم کی تمام ریلیوں میں اسٹیج شیئر کرنے کی درخواست کی تھی۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وزیر اعظم کے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی وزیر اعظم کے پروگرام کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

You might also like