Baseerat Online News Portal

تیجسوی یادو کا وزیراعلیٰ نتیش کمار پر نشانہ :نتیش کمار تھک چکے ہیں، بہار سنبھالنے کے قابل نہیں

پٹنہ ،16 ؍اکتوبر(بی این ایس )
بہار میں برسراقتدار این ڈی اے کے اعلی قائدین نتیش کمار اور سشیل مودی کے بعد اب گرینڈ الائنس کے چیف منسٹر کے امیدوار تیجسوی یادو نے بھی جمعہ سے ورچوئل انتخابی جلسوں سے خطاب کرنا شروع کردیا ہے۔ میٹنگ شروع ہونے سے پہلے تیجسوی یادو نے وزیر اعلی نتیش کمار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ تھک چکے ہیں اور اب بہار سنبھالنے کے قابل نہیں ہیں۔ تاہم تیجسوی نے وزیر اعلی نتیش کمار کے ان بیانات پر اپنے بیان کی بنیاد بنائی جس میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ لینڈ لاک ہونے کی وجہ سے یہاںکوئی کاروبار یا نئی ملازمتیں پیدا نہیں ہوسکتی ہیں۔ نتیش کمار نے کہا تھا کہ چونکہ بہار کے آس پاس کوئی سمندر نہیں ہے، اس لیے گزشتہ 15 سالوں میں اس کوششوں کی وجہ سے یہ صنعتی کاروبار شروع نہیں کرسکے ۔ انہوں نے تیجسوی یادو کے 10 لاکھ لوگوں کو نوکری دینے کے وعدے کو بھی غلط کہاتھا۔لیکن تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ نتیش کمار ہر معاملے پر فرارہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سی ایم نے اب براہ راست ہاتھ کھڑے کردئیے ہیں۔ اگر آپ تیجسوی کی بات مانیں تو خود نتیش کمار نے قبول کیا ہے کہ ریاست میں اتنے بڑے پیمانے پر نوکریاں نہیں دی جاسکتی ہیں۔ تیجسوی نے کہا کہ جس طرح نتیش کمار جی نے لاک ڈاؤن کے وقت وسائل کی کمی کا رونا روتے ہوئے راہ فرار اختیار کی تھی اسی طرح وہ نوکری دینے کے معاملے میں یہ کہتے ہوئے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مہاگٹھ بندھن کے چیف منسٹر امیدوار تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ اگر عوام نے انہیں موقع دیا تو وہ نہ صرف ریاست میں فیکٹریاں لگائیں گے بلکہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں 10 لاکھ لوگوں کو نوکری دینے کا وعدہ بھی پورا کریں گے۔ اپنی پہلی انتخابی ریلی سے پہلے انہوں نے کہا کہ اگر ان کی حکومت بنی تو وہ ریاست میں موجودہ ساٹھ سالہ پنشن کو 400 سے بڑھا کر 1000 روپے ماہانہ کردیں گے۔

You might also like