Baseerat Online News Portal

جمعیت علماء ارریہ کی طرف سے بیر نگر کے آتشزدگی سے متاثرین کا تعاون!

جمعیت علماء ارریہ کی طرف سے بیر نگر کے آتشزدگی سے متاثرین کا تعاون!

رپورٹ:محمداطہرالقاسمی

16/اکتوبر 2020

______________________

گذشتہ دنوں ضلع ارریہ کے بلاک بھرگاما کے کثیر مسلم آبادی پر مشتمل حلقہ بیرنگر بسریا کے چھرا پٹی میں آگ سے جل کر کچھ لوگوں کے پھونس و شیڈ کے آشیانے جل کر راکھ ہوگئے تھے۔متاثرین بہت خستہ حالی کا شکار تھے اور مسلسل جمعیت سے رابطے میں تھے۔

بحمد اللہ اراکین جمعیت علماء ارریہ کے مخلص رضاکاروں کی کوششوں سے اشیاء خوردونوش کے ساتھ ساتھ مرد و عورت کے کپڑے اور پچیس ہزار پانچ سو روپے کی نقد رقم لےکر ایک وفد متاثرین تک پہونچا۔

وفد میں جمعیت علماء ارریہ کے صدر ڈاکٹر عابد حسین،جنرل سکریٹری مفتی محمد اطہر القاسمی،نائب صدر مولانا فاروق مظہری اور ایک دوسرے نائب صدر مولانا حدیث اللہ نصر بھاگل پوری شامل تھے۔

جمعہ کی نماز سے قبل یہ وفد فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنی رحمۃ اللہ علیہ کے جائے قیام مقامی ذمے دار حاجی اسعد کے گھر پہونچا اور وہاں سے دیگر مقامی ذمےداران حاجی بدر الحق،مولانا افضل قاسمی،ماسٹر قیصر،مولانا ابوبکر وغیرہ کے ہمراہ مذکورہ بالا سامان لےکر متاثرین کے گھر پہونچا اور اس مختصر سے سامان کو حوالہ کرتے ہوئے آنگن میں تمام موجود احباب کے ساتھ دعاء بھی کی گئی۔

بیرنگر کے مقامی ذمے داران حالیہ لاک ڈاؤن میں وسائل کے فقدان کے درمیان جمعیت علماء ارریہ کی اس خدمت خلق کے جذبے سے بیحد متاثر ہوئے اور کہنے لگے کہ آج تک جماعتیں یا أفراد یہاں سے عطیات لے تو جاتے ہیں مگر کوئی ہنگامی حالت میں یہاں مدد کرنے نہیں آتا۔آج تعاون کے لئےآپ کی جماعت کی آمد سے ہم سب بیحد خوش ہیں اور آپ سب کے لئے دل سے دعائیں بھی کرتے ہیں۔

نمازِ جمعہ سے قبل جنرل سیکرٹری مفتی محمد اطہر القاسمی نے حالات حاضرہ پر جامع و پرمغز خطاب بھی کیا اور بطورِ خاص آفات و بلیات نیز ہنگامی حالات میں انسانیت کی داررسی و ہمدردی اور خدمت خلق کی ضرورت واہمیت سے جم غفیر کو روشناس کرایا۔

اس تعاون کے حصول میں بطور خاص مذکورہ بالا ذمےداران کے علاوہ مولانا عمر فاروق قاسمی،مولانا حسیب الرحمٰن رحمانی اور مولانا محمد عیسیٰ نعمانی قابلِ ذکر ہیں۔

You might also like