Baseerat Online News Portal

میں وزیر اعظم مودی کا ہنومان ہوں، وہ میرے دل میں بستے ہیں، دل چیرکر دکھا سکتاہوں:چراغ پاسوان

پٹنہ،16اکتوبر(بی این ایس )
بہار کے انتخابات میں بی جے پی مرکز میں اپنی حلیف ایل جے پی کی سخت مخالفت کررہی ہے۔ آج بی جے پی نے یہاں تک کہ ایل جے پی کو ’ووٹ کٹوا‘ کہا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ایل جے پی لیڈران بی جے پی کے سینئر لیڈران کے نام لے کر انتخابی مہم میں الجھن کی سیاست کررہے ہیں۔اب ایل جے پی کے صدر چراغ پاسوان نے اس پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم مودی کا ہنومان ہوں، مجھے ان کی تصویر کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ میں وزیر اعظم کا ہنومان ہوں، وہ میرے دل میں رہتے ہیں،میں اپنے دل کو چیرکردکھا سکتا ہوں اور مجھے اس کی تصویر لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ بتادیں کہ ایل جے پی لیڈر اور چراگ پاسوان وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی تعریف کرتے رہے ہیں جبکہ وہ نتیش کمار کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ بات عام ہورہی ہے کہ بی جے پی اور ایل جے پی کے درمیان اندرونی گٹھ جوڑ ہے۔بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور بہار کے انچارج بھوپندر یادو کو بھی ٹویٹ کے ذریعہ اس سلسلے میں وضاحت پیش کرنی پڑی۔ انہوں نے کہاکہ چراغ پاسوان وزیر اعظم کے نام کے استعمال پر الجھن پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ بہار انتخابات میں این ڈی اے میں بی جے پی-جے ڈی (یو) -وی آئی پی اور’ہم ‘اتحادی ہیں۔

You might also like